بچوں کے پانی سے روزہ کھولنے پر باپ نے زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا

  • May 13, 2020, 1:36 pm
  • National News
  • 207 Views

پانی سے روزہ کھولنے پر باپ نے زہر پی کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ ادو میں باپ نے بچوں کی بھوک سے دلبرداشتہ ہو کر خود کشی کر لی۔ بتایا گیا ہے کہ بچے 5 دن سے بھوکے تھے اور پانی سے روزہ کھول رہے تھے۔ باپ نذیر احمد مزدوری کرتا تھا بچوں کی ماں گھروں میں کام کرتی تھی تاہم لاک ڈاؤن اور کورونا کے باعث بے روزگار ہو گئے تھے ۔
بچوں کی ماں کا کہنا ہے کہ کوئی مدد کو نہیں آیا ۔ میرے شوہر نے صرف اس لئے زہر کی گولیاں کھا لیں کیونکہ بچوں نے پانی سے روزہ کھولا تھا اور خاوند یہ برداشت نہیں کر سکا۔ بچے 5 دن سے بھوکے تھے۔ ہم کرایہ کے گھر میں رہ رہے ہیں جس کا کرایہ بھی اداکرنا تھا ۔ نجی پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ اور تحریک انصاف کے رہنما ندیم افضل چن کے ساتھ بیوہ بھی شریک تھیں۔



ندیم افضل چن نے دوران پروگرام بیوہ کی مدد کی یقین دہانی کرائی ۔ ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پاکستان بیت المال دو دن میں ان کی مدد کریں گے، جس پر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ دو دن کیوں جب پوری دنیا ٹی وی پر مناظر دیکھ رہی ہے تو دو دن تک کا وقت کیوں دیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ کو چاہیے کہ پروگرام ختم ہونے سے پہلے ہی موقع پر پہنچ جائے۔
جس پر ندیم افضل چن نے درعمل دیتے ہوئے کہا کہ قانونی کارروائی پوری کرنی ہوتی ہے۔ جبکہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلی ذمہ داری مخیئر حضرات پر عائد ہوتی ہے جو ان کے ایریا میں رہتے ہیں۔ دوسری جانب حکومت بھی اتنی ہی ذمہ د ار ہے، کیوں حکومت ان غریبوں کی مدد نہیں کر پائی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھاکہ ایسے واقعات سے لوگوں کو محسوس ہوتا ہے کہ حکومت ہویا اپوزیشن وہ اپنی ذات سے باہر نہیں نکل رہے۔ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔