کوئٹہ:نیشنل بینک کے عملے کے 8 افراد کرونا وائرس میں مبتلا

  • May 13, 2020, 1:51 pm
  • COVID-19
  • 463 Views

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نیشنل بینک کے عملے کے 8 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں نیشنل بینک کے عملے کے 8 افراد میں کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ نیشنل بینک کے عملے کے گزشتہ روز ٹیسٹ کیےگئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے صوبہ بلوچستان میں سیکرٹری،ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈرگ انسپکٹر میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔محکمہ صحت بلوچستان کا کہنا تھا کہ 100سے زائد ڈاکٹر،نرسنگ وپیرامیڈیکل اسٹاف میں بھی کرونا کی تشخیص ہوچکی ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 31 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 737 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 34,336 افراد متاثر ہو چکے ہیں، ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 24 ہزار 787 ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ ریجنل ٹیکس آفس کوئٹہ کے 14 ملازمین کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد آر ٹی او کوئٹہ فوری بند کر دیا گیا۔