سندھ حکومت کا بھی بورڈ امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ

  • May 14, 2020, 3:33 pm
  • Education News
  • 148 Views

سندھ حکومت نے بھی بورڈ امتحانات منسوخ کر دیے ہیں۔وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ صوبے میں بورڈ امتحانات منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اب میٹرک اور انٹر کے پرچے نہیں ہوں گے اور طلبہ کو پروموٹ کیا جائے گا۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ قوانین میں تبدیلی کرکے بچوں کو اگلی جماعت میں پروموٹ کیا جائے گا۔
امتحانات نہ لینے کا فیصلہ سندھ حکومت کی تعلیمی اسٹیرنگ کمیٹی نے کیا ہے۔اس سے قبل سعید غنی نے صوبہ سندھ میں پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے بچوں کو اگلی کلاسوں میں ترقی دینے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ نویں دسویں کے طلباء کو بورڈز قوانین کے تحت پروموٹ نہیں کیا جاسکتا، بورڈزامتحانات سے متعلق کل حتمی فیصلہ کیا جائے گا،نویں ،دسویں، گیارہویں اور بارہویں کے طلباء کو پروموٹ کرنے کیلئے قانون میں ترمیم کرنا پڑے گی۔
وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پہلی تا آٹھویں جماعت تک کے بچوں کے امتحانات نہیں لئے جائیں گے اور انہیں اگلی کلاسوں میں ترقی دے دی جائے گی، البتہ کچھ اہم مضامین میں جو بچے کمزور ہوں گے اسکولز ان کے امتحانات لے سکتی ہے، کلاس نہم تا بارہویں جماعتوں کے امتحانات کے حوالے سے محکمہ تعلیم سندھ کی اسٹیرنگ کمیٹی نے تمام بورڈز کے چیئرمینز بشمول آغاخان بورڈ اور سیکرٹری تعلیم، کالجز اور بورڈ و جامعات کے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو آئندہ 24 گھنٹوں میں اپنی رپورٹ مرتب کرکے انہیں فراہم کرے گی، جسے میں نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی میں رکھوں گا اور جو فیصلہ مذکورہ کمیٹی کرے گی، اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نویں ، دسویں ، گیارہویں اور بارہویں کے بچوں کو بھی پروموٹ کرنا چاہتے ہیں لیکن وہاں کافی مسائل ہیں، بورڈز قوانین میں بچوں کو امتحان کے بغیر پروموٹ کرنے کی گنجائش نہیں۔تاہم اب اسٹیرنگ کمیٹی نے فیصلے کیا ہے کہ میڑک اور انٹر کے امتحانات بھی منسوخ کیے جائیں۔