فردوس عاشق اعوان کی عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد بلاول بھٹو سے ملاقات کی کوشش

  • May 14, 2020, 3:33 pm
  • Political News
  • 253 Views

وزیراعظم عمران خان کی سابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد چئیرمین پی پی پی بلاول بھٹو سے ملاقات کی کوشش کی جو کہ ناکام رہی۔نجی ٹی 24 نیوز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے عہدے سے فارغ ہونے کے بعد سیاسی رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور اس حوالے سے جب انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کیلئے کوششیں شروع کیں تو انہیں صاف جواب دے دیا گیا۔
ان کی بلاول بھٹو سے ملاقات کی خواہش ذاتی سیاسی بحالی کو یقینی بنانے کی کاوشوں کا ایک اہم حصہ تھی اور انہوں نے اس کے لئے پوری کوشش کی،لیکن سب کچھ بیکار رہا۔ قبل ازیں میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش کرتی رہی کہ انہوں نے دروہ سندھ سے واپسی پر سرکٹ ہاؤس میں قیام کرنے کی کوشش کی اور اس دوران انہوں نے متعلقہ عملے کے ساتھ بدتمیزی کی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ فردوس عاشق بغیر اطلاع کے سرکٹ ہاؤس پہنچیں اور ان کے لیے کمرہ کھولنے کے لیے کہا۔

جس کے بعد عملے نے ڈپٹی کمشنر کو بلایا اور شکایات کی ایک لمبی فہرست شیئر کی۔ڈپٹی کمشنر نے بھی فردوس عاشق اعوان کے طرز عمل پر برہمی کا اظہار کیا ،جبکہ حساس اداروں نے ان کے برتاؤ پر حکومت کو ایک رپورٹ بھیجی۔خیال رہے کہ کچھ دن قبل وزیراعظم عمران خان نے فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے ہٹا دیا تھا جس کے بعد انہوں نے سینیٹر شبلی فراز کو وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپ دیا تھا۔ انہوں نے اپنے عہدے سے سبکدوشی کے بعد ٹوئٹ میں کہا تھا کہ کپتان کو بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کا حق ہے اور میں ہر حال میں کپتان کے فیصلوں کی پابندی کروں گی اور پارٹی جو ذمہ داریاں دے گی انہیں نبھائوں گی ۔