خیبر پختونخوا حکومت نے پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کردیا

  • May 16, 2020, 12:58 am
  • National News
  • 100 Views

خیبر پختونخوا حکومت نے پیر سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ عوامی سہولت کے لیے پیر18 مئی سے تمام پبلک ٹرانسپورٹ ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا۔
کمشنرز،ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ٹراسپورٹز کے ساتھ مل کر ایس او پیز تشکیل دیں گے۔ تیل کی نئی قیمتوں کے مطابق نظرثانی شدہ کرایہ وصول کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمشنر حالات کو دیکھتے ہوئے اپنے ڈویژن کے اندر انفرادی روٹ کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔ایک ضلع کے اندرون یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع کے روٹ کا فیصلہ بھی کمشنرز کریں گے۔
ایسے روٹ جو مختلف ڈویژنوں کی حدود میں ہوں ، انکے کھولنے کا فیصلہ صوبائی سطح پر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ وفاق کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔ پٹرول پمپ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے۔ اس کے علاوہ حجام کی دکانیں ایس او پیز کے ساتھ جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو 4 بجے تک کھلی رہ سکیں گی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے صوبوں سے سرخواست کی تھی کہ ٹرانسپورٹ کھول دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا تھا کہ صوبوں کو خدشہ ہے ٹرانسپورٹ کھولنے سے وائرس پھیلے گا، امریکا، یورپ میں ہزاروں لوگ مررہے ہیں۔
وہاں ٹرانسپورٹ نہیں بند ہوئی، پھر ہم نے کیوں بند کردی؟ میں درخواست کرتا ہوں کہ ٹرانسپورٹ کھول دیں۔ دوسری جانب سندھ حکومت نے ٹرانسپورٹ کھولنے سے انکار کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وبا پھیلنے کے خطرے کی وجہ سے ابھی ٹرانسپورٹ نہیں کھولی جاسکتی ہے۔