پاکستان کا 16 مئی سے اندورن ملک پروازیں کھولنے کا فیصلہ

  • May 16, 2020, 1:11 am
  • National News
  • 97 Views

وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ 16 مئی سے اندورن ملک پروازیں کھولنے کا فیصلہ ہوا ہے‘انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) میں اندورن ملک پروازیں کھولنے کا حتمی فیصلہ ہوگیا ہے. علاوہ ازیں غلام سرور خان نے بتایا کہ فلائٹ آپریشن لاہور، اسلام آباد ، کراچی ، کوئٹہ اورپشاور میں شروع کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ 16 مئی سے ابتدائی طور پر 20 فیصد ڈومیسٹک آپریشن شروع کی جائیں گئیں جبکہ سماجی دوری سے متعلق ایس او اپیز کو مد نظر رکھتے ہوئے 50 فیصد سیٹ ”اکیوپنسی مینٹین‘ ‘کی جائے گی.
غلام سرور نے کہا کہ ہوا بازی ڈویژن ہر ممکن کوشش کر رہا ہے تاکہ مسافروں کو محفوظ طریقے سے سفر کرنے کی سہولت میسر کی جائے‘واضح رہے کہ 12 مئی کو حکومت نے اندرون و بیرون ممالک فلائٹ آپریشن پر پابندی میں 21 اپریل تک توسیع کی تھی. ترجمان ایوی ایشن ڈویژن نے کہا تھا کہ حکومت پاکستان کے فیصلے کے مطابق اندرون و بیرون ممالک پروازوں کی آمد و رفت پر پابندی کے فیصلے میں 21 اپریل تک توسیع کر دی گئی ہے‘حکومتی فیصلے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے ملک بھر میں جنرل ایوی ایشن پر عائد پابندی میں بھی 21 اپریل تک توسیع کر دی تھی‘اس سے قبل 10 مئی کو اندرون ملک پروازوں پر پابندی میں 13 مئی تک توسیع کی گئی تھی.
واضح رہے کہ سول ایوی ایشن نے 25 مارچ کو کورونا وائرس کے پیش نظر اندرون اور بیرون ملک فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا تھا حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ تمام ایئرلائن آپریٹرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا‘خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور آج بھی مزید متاثرین کے سامنے آنے پر ملک میں مجموعی تعداد 38 ہزار سے زائد جبکہ اموات 822 تک پہنچ گئیں ہیں.
ملک میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تو سرکاری سطح پر مختلف اقدامات اٹھائے گئے اور سب سے پہلے تعلیمی اداروں کی بندش کی گئی تاکہ یہ وائرس طلبہ و اساتذہ میں نہ پھیل سکے، بعد ازاں مختلف پابندیاں عائد کرتے ہوئے کہیں جزوی تو کہیں مکمل لاک ڈاﺅن کردیا گیا‘اس لاک ڈاﺅن باعث کاروباری مراکز، شاپنگ مالز، پارکس، تفریحی مقامات، انٹرسٹی بسز، مسافر ٹرینیں، غیر ضروری باہر نکلنے سمیت مختلف پابندیاں عائد کی گئیں تاہم حالیہ دنوں میں لاک ڈاﺅن میں نرمی کرتے ہوئے عوامی مقامات کو کھولنے کی اجازت دی گئی.
اگرچہ اس وائرس کا پہلا کیس بیرون ملک سے آیا پاکستانی شہری تھا تاہم اب یہ مقامی طور پر ایک فرد سے دوسرے فرد میں منتقل ہورہا ہے اور ملک میں مجموعی کیسز میں بڑی تعداد ایسے ہی متاثرین کی ہے.