فلورملزایسوسی ایشن نے پنجاب کی تمام ملیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا

  • May 16, 2020, 11:47 pm
  • National News
  • 97 Views

فلورملزایسوسی ایشن نے پنجاب کی تمام ملیں بند کرنے کا فیصلہ کرلیا، ملوں کو پسائی کیلئے72 گھنٹے گندم مل میں رکھنے کی اجازت تھی، لیکن اب گندم ذخیرہ کرنے کی48 گھنٹے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب عاصم رضا کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر کی تمام ملز کو محکمہ خوراک کے چھاپوں کے خلاف بند کردیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک مسلسل چھاپے مار رہے ہیں، جس کے باعث ایسوسی ایشن نے ہڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ انتظامیہ خود گندم کی خریداری میں ناکام ہے، اوپن مارکیٹ میں بھی گندم اٹھانے پر پابندی عائد کرکھی ہے۔ جبکہ ملوں میں بھی پڑی گندم جبری طور پر اٹھائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب پنجاب میں فلور ملز مالکان نے آٹے کی قیمت میں اضافہ کر دیا ہے جس کے بعد دس کلوآٹے کے تھیلے کی قیمت 10 روپے، 20 کلو پر 20 روپے بڑھادی گئی جبکہ غلہ منڈیوں میں گندم کی قیمت 1500 روپے فی من تک جا پہنچی ہے۔
فلور ملز مالکان نے اس کی مکمل ذمہ داری حکومتی فیصلوں پر ڈال دی ہے جس کے بعد دس کلو کا تھیلا چار سو روپے سے بڑھ کر چار سو دس روپے ہوگیا ہے اور بیس کلو کا تھیلا آٹھ سو پانچ کی جگہ آٹھ سو پچیس روپے میں ملنے لگا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے چیئرمین پنجاب زون عبدالرؤف مختار کا کہنا تھا کہ آٹے کی قیمت میں اضافہ گندم کی قیمت میں اضافے کا نیتجہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سرکاری گندم کا کوٹہ فلور ملز کو فراہم نہیں کیا جا رہا ہے اور غلہ منڈیوں میں گندم کی قیمت 1500 روپے فی من تک جا پہنچی ہے، اگر پرائیوٹ گندم خریدنے کی اجازت دی جاتی تو آٹے کی قیمت میں اضافہ نہیں ہونا تھا۔ دوسری جانب پنجاب میں ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجے میں ملتان میں گودام پر چھاپے کے دوران 20 ہزار من گندم گوجرانوالہ سے 84 ہزار سے زائد بوریاں قبضے میں لے لی گئیں جبکہ بورے والا میں دو سو چالیس بوریا دوسرے ضلع منتقل کرنے کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی ۔