عوام کچرہ صرف مقررہ کچرہ دانوں کے اندر ہی ڈالا کریں تا کہ کچرہ سڑک و نالوں میں بکھرا ہوا نا پڑا ہو

  • May 17, 2020, 12:18 am
  • National News
  • 103 Views

عوام کچرہ صرف مقررہ کچرہ دانوں کے اندر ہی ڈالا کریں تا کہ کچرہ سڑک و نالوں میں بکھرا ہوا نا پڑا ہو،ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل
کوئٹہ(این این آئی) ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ طارق جاوید مینگل نے ہفتے کے روز نواں کلی میں جاری ایک روزہ خصوصی صفائی سلسلے کا دورہ کرتے ہوئے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا، دورے کے موقع پر پی اے ٹو ایڈمنسٹریٹر محمد بلال، چیف سینیٹیشن آفیسر انور لہڑی، اسسٹنٹ انجینئر میکینیکل عبدالرزاق گرگناڑی، سینیٹیشن زون انچارج سعدی خان کاکڑ، اسسٹنٹ انجینئر میکینیکل سرور زہری اور سینیٹیشن کے دیگر زون انچارج بھی انکے ہمراہ تھے، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نواں کلی میں بائی پاس روڈ کی کافی حد تک میکینیکل اور مینوول صفائی ہوئی، نواں کلی سستہ بازار کے ساتھ واقع برساتی نالے کی بھی کافی حد تک صفائی کی گئی، اس کے علاوہ دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ عبدالخالق روڈ سے بھی اسسٹنٹ انجینئر میکینیکل عبدالرزاق گرگناڑی کی نگرانی میں کئی ٹن کچرہ اٹھا کر ٹھکانے لگایا گیا۔ یہاں کے دورے کے بعد ایڈمنسٹریٹر طارق جاوید مینگل نے ائیرپورٹ روڈ، مشن روڈ، زرغون روڈ، سریاب روڈ، سپینی روڈ و دیگر علاقوں کا پی اے محمد بلال اور سی ایس او انور لہڑی کی ہمراہ دورہ کیا اور موقع کی مناسبت سے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی، ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ نے سریاب روڈ کے مختلف علاقوں میں سڑک کے دونوں کناروں کے نالوں کی مرمت کا حکم جاری کیا، جس کے بعد انھوں نے ہیلپر آئی کئیر ہسپتال کے ایم ایس اور دیگر ڈاکٹروں سے انکے ہسپتال میں ملاقات کی اور وہاں واقع کچرہ دان کی بہتری کے لئے مشاورت کے بعد کچرہ دان کو مین سڑک سے گلی کے اندر منتقلی کے احکامات متعلقہ سب انجینئر قاہر شاہ کو دئیے تا کہ کچرہ مین سڑک پر بکھرنے کی بجائے نئے تعمیر ہونے والے کچرہ دان میں جمع ہوتا رہے جہاں سے لوڈر کی مدد سے ڈمپر گاڑیاں کچرہ با آسانی ٹھکانے لگایا کرے گی۔ ایڈمنسٹریٹر طارق جاوید مینگل نے عوام الناس سے اپیل کی کہ کچرہ صرف مقررہ کچرہ دانوں کے اندر ہی ڈالا کریں تا کہ کچرہ سڑک و نالوں میں بکھرا ہوا نا پڑا ہو۔