مشہور سرجن پروفیسر اے آر جمالی بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے

  • May 17, 2020, 12:24 am
  • COVID-19
  • 146 Views

کراچی : معروف پروفیسر سرجن اے آر جمالی بھی مہلک ترین کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، جنہیں نجی اسپتال میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کی طرح کرونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑنے کی کوشش کررہا ہے تاہم تاحال وطن عزیز میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد کم تاہم پھر بھی 38 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہر قائد کے مشہور و بڑے سرکاری اسپتال جناح میں خدمات انجام دینے والے معروف پروفیسر سرجن اے آر جمالی کا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔

واضح رہے کہ سرجن اے آر جمالی جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے شوہر ہیں، جنہوں نے خود اپنے شوہر اور پروفیسر اے آر جمالی کا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پروفیسر اے آر جمالی میں کوویڈ 19 کی تشخیص ہونے کے بعد انہیں نجی اسپتال میں قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

خیال ہے کہ سندھ بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 674 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ مہلک ترین کوویڈ 19 وائرس نے آج 559 افراد کو شہر قائد میں اپنا شکار بنایا ہے۔