پنجاب حکومت کا سوموار سے شاپنگ مالز کھولنے کا اعلان

  • May 17, 2020, 12:54 am
  • Political News
  • 128 Views

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث بند شاپنگ مالز سوموار سے کھولنے کا اعلان کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ،وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ شاپنگ مالز کے اوقات کار دیگر مارکیٹوں کے مطابق ہوں گے جوصبح 9 سے شام 5 بجے تک ہی کھلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سوموار سے شاپنگ مالز اور آٹو موبائل انڈسٹری کو کام کرنے کی اجازت ہو گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ شاپنگ مالز کھولنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا،ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک کا استعمال لازمی ہو گا۔

اس سے قبل وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ انٹرسٹی بس سروسز پر 20 فیصد کرایہ کم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے مسیحی برادری کو گرجا گھروں میں عبادت کرنے کی اجازت دینےکا بھی فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سنڈے چرچ سروس کے دوران مروجہ حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شاپنگ مالز کو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ ہوا ہے

فیاض الحسن چوہان نے مزید بتایا کہ بزدار حکومت نے پاور لومز اور اس سے منسلک کچھ انڈسٹریز کو بھی کام کرنے کی اجازت دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیگر شعبوں میں آٹو موبائل انڈسٹری، موبائل فونز اور اس سے منسلک دیگر شعبوں کو بھی کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔