بی آر ٹی پشاور کا ناقص ڈیزائن، بسیں موڑ کاٹنے سے قاصر

  • May 17, 2020, 5:46 pm
  • National News
  • 134 Views

حیات آباد میں بی آر ٹی پشاور کے پل کے موڑ کی توڑ پھوڑ جاری ہے کیونکہ پہلے سے ڈیزائن کردہ اس موڑ سے بی آر ٹی پشاور کی بسیں مڑ ہی نہیں سکتیں


بی آر ٹی پشاور کا ناقص ڈیزائن، بسیں موڑ کاٹنے سے قاصر، تفصیلات کے مطابق حیات آباد میں بی آر ٹی پشاور کے پل کے موڑ کی توڑ پھوڑ جاری ہے کیونکہ پہلے سے ڈیزائن کردہ اس موڑ سے بی آر ٹی پشاور کی بسیں مڑ ہی نہیں سکتی ہیں۔ ہمیشہ سے تنقید کی زد میں رہنے والا خیبرپختونخوا حکومت کا بی آر ٹی پشاور بس کا منصوبہ ایک بار پھر اپنے ناقص ڈیزائن کی وجہ سے تنقید کی زد میں آگیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے ویڈیو شئیر کی گئی ہے جس میں بی آر ٹی منصوبے کے پل کے ایک موڑ پر توڑ پھوڑ کی جارہی ہے۔



ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حیات آباد میں بی آر ٹی پشاور کے پل کے موڑ کی توڑ پھوڑ جاری ہے۔ ویڈیو میں مزدوروں کو بی آر ٹی کے حیات آباد کے پل کے موڑ پر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، مذکورہ حکام کا پل کے ٹرن کو توڑنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہاں سے بی آر ٹی پشاور کی بس ٹرن نہیں لے سکتی جس کی وجہ سے اس کو توڑ کر اس میں مزید توسیع کی جا رہی ہے تاکہ یہاں سے بس آسانی سے مڑ سکے۔
واضح رہے کہ بی آر ٹی پشاور کا منصوبہ کئی سالوں سے التواء کا شکار ہے جبکہ اس منصوبے کی حتمی تاریخ کا اعلان بھی تاحال نہیں کیا جا سکا ہے۔ البتہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو مثالی قرار دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب نجاب حکومت کی جانب سے لاہور کے ایک پوش علاقے میں انڈر پاس تعمیر کرنے کا ٹھیکہ اسی کمپنی کو دیا گیا ہے جو گذشتہ تین سالوں سے پشاور بی آر ٹی منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ یہ انڈر پاس فردوس مارکیٹ گلبرگ کے مقام پر تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو سینٹر پوائنٹ سے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کی طرف جانے والی شاہراہ پر تعمیر کیا جائے گا۔ تعمیراتی کمپنی کو اس منصوبے کی تکمیل کے لیے چار ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔