پنجاب ٹرانسپورٹ اتحاد نے کل ٹرانسپورٹ نہ چلانے کا اعلان کردیا

  • May 17, 2020, 8:10 pm
  • Breaking News
  • 231 Views

پنجاب ٹرانسپورٹ اتحاد نے کل سے ٹرانسپورٹ نہ چلانے کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ اتحاد عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ کم سواریوں سے پٹرول کا خرچہ پورا نہیں ہوگا، مشترکہ ایس اوپیز بنائے جائیں اور ٹول پلازہ ٹیکس ایک سال کیلئے مئوخر کیا جائے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ کل سیکرٹری ٹرانسپورٹ سے میٹنگ ہوئی تھی۔
ان کو تحفظات سے آگاہ کیا ہے۔ حکومت کی ہدایت پر ہم نے کرایوں میں کمی کی ہے۔ لیکن کم سواریوں سے پٹرول کا خرچہ پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے مطالبہ ہے ہے کہ ٹول پلازہ ٹیکس ایک سال کیلئے مئوخر کیا جائے۔ چیئرمین پنجاب ٹرانسپورٹ اتحاد عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ پورے ملک کی تنظیموں سے رابطے میں ہیں۔
پنجاب بھر میں کل ٹرانسپورٹ نہیں چلے گی۔

جب تک اگلا فیصلہ نہیں آتا گاڑیاں نہیں چلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مشترکہ ایس اوپیز ہونے تک ٹرانسپورٹ بند رہے گی۔حکومت نے جو ایس اوپیز بنائے اس سے متعلق ابھی تک کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے گزشتہ روز ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو ایس او پیز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کرایوں میں بھی کمی کا اعلان کیا تھا۔
نان اے سی بسوں کے کرایوں میں15جبکہ اے سی بسوں کے کرایوں میں 20فیصد کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔ ٹرانسپورٹرز کے نمائندہ وفد نے گزشتہ روز سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد رحمن گیلانی سے مذاکرات کئے۔ جس میں ٹرانسپورٹ کھولنے کی صورت میں ایس او پیز پر عملدرآمد اور کرایوں میں کمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ مذاکرات کے دوران ٹرانسپورٹرز نے حکومت کو اپنے تحفظات اور مطالبات سے بھی آگاہ کیا۔
ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کل ( سوموار) سے ٹرانسپورٹ کھول دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیںبھی اپنی اور اپنے ملازمین کی جانیں عزیز ہیں اور طے شدہ ایس او پیز پر عملدرآمد میں کوئی کوتاہی نہیںبرتی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے بعد اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تو ہم بھی کرایوں پر نظرثانی کریں گے۔ مطالبہ ہے کہ ٹول پلازے کی شرح میں 50 فیصد کمی کی جائے، گاڑیوں کا ٹوکن ٹیکس ایک سال کے لئے موخر کیا جائے۔