بڑے میاں لندن تو چھوٹے میاں پاکستان میں روپوش ہوگئے،مراد سعید

  • May 17, 2020, 8:17 pm
  • Political News
  • 110 Views

اسلام آباد:وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے مسلم لیگ ن کے صدرشبہاز شریف پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑے میاں لندن تو چھوٹے میاں پاکستان میں روپوش ہوگئے، رسیدیں نہ بڑے میاں کو ملیں نہ ہی چھوٹے میاں کو مل رہی ہیں۔

اپنے ایک بیان میں وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ بڑے میاں علاج کے بہانے لندن نکل گئے اور چھوٹے میاں کورونا کا نام لےکر زیرزمین چھپ گئے،بڑے میاں سمدھی کوساتھ ملا کر لوٹ مار اور منی لانڈرنگ کرتے رہے، چھوٹے میاں بیٹے کے کلاس فیلوز اور ذاتی ملازمین کے ذریعے کرپشن کا پیسہ ٹھکانے لگاتے رہے، درباریوں کی پریس کانفرنسوں کے ذریعے کام نکالنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ بڑے میاں کی طرح چھوٹے میاں کا سیاسی مستقبل بھی مکمل تاریک ہے،چھوٹے میاں بڑے میاں سے سبق حاصل کریں اور سوالوں کے سنجیدگی سے جواب دیں، تب بھی کہا تھا آج بھی کہہ رہے ہیں نہ لوگ بھولیں گے نہ ہم بھولنے دیں گے۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چھوٹے میاں بڑے میاں کو بھی سمجھائیں اور قوم کی لوٹی گئی دولت واپس کریں ،سارے حربے آزمانے کے بعد بڑے میاں کی جان چھوٹی نہ چھوٹے میاں کی چھوٹ پائے گی۔