اے این پی رہنما غلام احمد بلور بھی کورونا وائرس میں مبتلا

  • May 18, 2020, 8:53 pm
  • COVID-19
  • 125 Views

پشاور : عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام بلور کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا،اے این پی رہنما نے خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا۔

میڈیارپورٹس کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما غلام بلور کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، اس حوالے سے بلور خاندان کی بہو اور رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ غلام احمد بلور کی طبیعت گزشتہ دو روز سے خراب تھی، غلام بلور گھر پر قرنطینہ میں ہیں ،انہیں نجی اسپتال منتقل کرنے پر غور جاری ہے۔

اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی خاتون رکن سندھ اسمبلی منگلا شرما بھی کرونا وائرس سے متاثر ہوگئیں تھیں، ان کے شوہر کا ٹیسٹ بھی پازیٹو آیا اور دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا

اس کے علاوہ سینیٹ کے دو ارکان سینیٹر مولانا عطا الرحمان، سینیٹر فدا محمد میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے، ذرائع کے مطابق سینیٹ سیکریٹریٹ نے دونوں سینیٹرز کو اجلاس میں شرکت سے روک دیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 42,125 افراد متاثر ہو چکے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 30 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 903 ہو گئی ہے۔