مساجد میں آخری عشرے کی باجماعت عبادات اور نمازعید بھی ادا کی جائے گی، تقی عثمانی

  • May 19, 2020, 11:48 am
  • National News
  • 104 Views

کراچی: ممتاز عالمِ دین مفتی تقی عثمانی نے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرتے ہوئے مساجد میں تراویح، باجماعت نمازیں اور نماز عید بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

عالمی شہرت یافتہ عالم دین اور شیخ الحدیث مفتی تقی عثمانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ہاتھ سے تحریر شدہ بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے تمام تر احتیاطی تدابیر کے ساتھ آخری عشرے میں باجماعت نمازوں اور تراویح سے مساجد کو آباد کرکے رحمتوں کو سمیٹنے اور عید کی نماز بھی ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مفتی تقی عثمانی نے اپنے بیان میں لکھا کہ کورونا وائرس کی وبا طویل ہوتی جا رہی ہے اور اس کے خاتمے کی بھی کوئی تاریخ متعین نہیں۔ ایسی صورتحال میں نہ تو کاروبار زندگی کو لمبے عرصے تک روکا جاسکتا ہے اور نہ ہی اجتماعی عبادتوں کو موقوف کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے رمضان کی بابرکت ساعتوں سے مستفید ہونے کے لیے آخری عشرے میں مساجد میں بھرپور عبادت کی جائیں۔

ممتاز عالم دین نے مفتی تقی عثمانی نے بے خوف خطر جمعے کے اجتماعات کے انعقاد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر اجتماعی عبادتوں کے دوران احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے اور خصوصی دعاؤں میں ملک و ملت کی بہتری کے ساتھ ساتھ وبا کے خاتمے کے لیے بھی بارگاہ الہی میں ہاتھ اُٹھائے جائیں۔

مفتی تقی عثمانی نے مزید لکھا کہ وہ پُرامید ہیں کہ حکومت اپنی ذمہ داری اور مسلمانوں کے جذبات کا احساس کرتے ہوئے مساجد میں عبادات کی ادائیگی میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔