پاکستان میں کرونا کے 4 لاکھ ٹیسٹ مکمل، 43966 مثبت، 939 مریض جاں بحق

  • May 19, 2020, 11:51 am
  • COVID-19
  • 137 Views

اسلام آباد: کرونا وائرس کی عالمگیر وبا میں پاکستان کیسز کی تعداد کے لحاظ سے دنیا کا 20 واں ملک بن گیا ہے، اب تک 43,966 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، یہ وبا اب تک 213 ممالک کو لپیٹ میں لے چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری اَپ ڈیٹ کے مطابق نئے اور مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین کی عالمگیر وبا سے پاکستان بھر میں 43,966 افراد متاثر ہو چکے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 36 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 939 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے کرونا وائرس سے متعلقہ اعداد و شمار کچھ یوں ہے کہ 10 لاکھ آبادی میں اموات کی شرح 4 فی صد ہے، جب کہ 10 لاکھ آبادی میں کیسز کی تعداد بھی 200 ہے۔ ملک میں 111 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ کرونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹس کی شرح 10 لاکھ آبادی میں 1,817 ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں اس وقت کرونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 30 ہزار 538 ہے، پاکستان میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے 1,841 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ اب تک 12,489 مریض وائرس سے لاحق ہونے والی بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کمانڈ سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید چھتیس اموات رپورٹ ہوئیں، سب زیادہ اموات اب تک خیبر پختون خوا میں ہوئی ہیں جن کی تعداد 334 ہے، اس کے بعد سندھ میں 280 اموات، پنجاب میں 273 اموات، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 9، جب کہ گلگت بلتستان میں 4 اموات ہوئیں۔

سندھ میں کرونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 17,241 ہو گئی، پنجاب میں 15,976 کرونا کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، خیبر پختون خوا میں کیسز کی تعداد 6,230، بلوچستان میں 2,820، اسلام آباد میں 1,034 ہو گئی، گلگت بلتستان میں 550 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 115 ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 12 ہزار 957 کرونا ٹیسٹ کیے گئے، این سی او سی کے مطابق ملک میں اب تک کرونا کے 4 لاکھ 87 ہزار 292 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پنجاب میں 4,974 مریض صحت یاب ہوئے ہیں، سندھ میں 4,489 مریض، خیبر پختون خوا میں 1,944 مریض، بلوچستان میں 524 مریض، گلگلت بلتستان میں 368 مریض، اسلام آباد میں 113 جب کہ آزاد جموں و کشمیر میں 77 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔