اپریل کے ماہ میں چینی ہیلی کاپٹرز 2 مرتبہ ہماچل پردیش کے علاقے میں 12 سے 15 کلومیٹر اندر تک گھس آئے، بھارتی فضائیہ ردعمل دینے میں ناکام رہی

  • May 20, 2020, 1:18 am
  • World News
  • 114 Views

بھارتی فوج منہ تکتی رہ گئی، چینی ہیلی کاپٹر 2 مرتبہ بھارت کی حدود میں کئی کلومیٹرز تک گھسنے میں کامیاب، اپریل کے ماہ میں چینی ہیلی کاپٹرز 2 مرتبہ ہماچل پردیش کے علاقے میں 12 سے 15 کلومیٹر اندر تک گھس آئے، بھارتی فضائیہ ردعمل دینے میں ناکام رہی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی خبر رساں ادارے کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ماہ اپریل میں 2 مختلف مواقعوں پر چین کے ہیلی کاپٹر بھارت کی حدود میں داخل ہوئے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ یہ واقعات ہماچل پردیش کے صوبے میں پیش آئے۔ بھارتی فضائیہ کے حکام کا بتانا ہے کہ چین کے ہیلی کاپٹر نے 11 اپریل اور پھر 20 اپریل کو دوبارہ بھارت کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی۔
چینی ہیلی کاپٹر 11 اپریل کو بھارت میں 12 سے 15 کلومیٹر اندر تک گھس آئے تھے۔ جبکہ پھر 20 اپریل کو بھی اسی قسم کی فضائی مداخلت کی گئی۔ تاہم پھر چینی ہیلی کاپٹر بنا کوئی کاروائی کیے ہی واپس لوٹ گئے۔

اس دوران بھارتی فضائیہ صرف منہ تکتی رہی اور چینی ہیلی کاپٹرز کیخلاف کوئی بھی کاروائی عمل میں لانے میں ناکام رہی۔ یہاں واضح رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان حالیہ کچھ عرصے کے دوران سرحدی تنازعے میں پھر سے شدت آئی تھی۔ کچھ روز قبل ہی بھارتی اور چینی فوجیوں کے درمیان سرحد پر جھڑپ ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں دونوں اطراف کے فوجی زخمی ہوئے تھے۔