وفاقی وزارت داخلہ نے عید کی تعطیلات کا نیا نوٹیفیکشن جاری کر دیا

  • May 20, 2020, 1:26 am
  • National News
  • 162 Views

وفاقی وزارت داخلہ نے عید کی تعطیلات کا نیا نوٹیفیکشن جاری کر دیا، نئے نوٹیفکیشن میں 22 سے 27 مئی کی عید تعطیلات کے دوران مارکیٹیں اور عوامی مقامات بند رکھنے کا ذکر نہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے عید الفطر کی تعطلات کا ایک نیا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ نے گزشتہ ہفتے بھی تعطیلات کا ایک نوٹیفیکیشن جاری کیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ملک بھر میں 22 سے 27 مئی تک تعطیلات ہوں گی۔
گزشتہ ہفتے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں مارکیٹیں اور عوامی مقامات بند رکھنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ 16 مئی کے نوٹیفکیشن میں عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے تناظر میں عوامی مقامات بند کرنے کا واضح حکم دیا گیا تھا۔
گزشتہ نوٹیفیکیشن میں صرف میڈیکل اسٹورز اور ضروری اشیا کی دکانیں کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔

تاہم اب وزارت داخلہ نے کچھ تبدیلیوں کے بعد عید الفطر کی چھٹیوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ وزارت داخلہ کے نئے نوٹیفکیشن میں 22 سے 27 مئی کی عید تعطیلات کے دوران مارکیٹیں اور عوامی مقامات بند رکھنے کا ذکر نہیں ہے۔ یوں امکان ہے کہ عید کے ایام میں مارکیٹیں اور عوامی مقامات بند نہیں کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ملک میں عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 23 مئی بروز ہفتہ کو طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس مفتی منیب الرحمان کی صدارت میں کراچی میں ہوگا۔ جبکہ دوسری جانب محکمہ موسمیات اور ماہرین فلکیات کے مطابق ملک میں 23 مئی بروز ہفتہ کو شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات نہیں ہیں۔