کراچی، سال کی پہلی بینک ڈکیتی، ڈاکو کروڑوں روپے لوٹ کر فرار

  • May 20, 2020, 3:01 am
  • National News
  • 190 Views

کراچی: شہر قائد میں رواں سال کی پہلی ڈکیتی ہوئی جس میں ڈاکو کروڑوں روپے لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی چھ نمبر میں دن دیہاڑے پانچ مسلح ڈاکوؤں نے نجی بینک لوٹ لیا، ملزمان ڈیڑھ کروڑ روپے اور سی سی ٹی وی کیمرے کی سی ڈی آر بھی ساتھ لے گئے۔

ڈی آئی جی سی آئی اے عارف حنیف اور ایس ایس پی کورنگی فیصل عبداللہ نے واردات کےبعد بینک کا معائنہ کیا۔

ڈی آئی جی عارف حنیف کے مطابق اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ڈکیتی میں ملوث ملزمان واردات کے لیے موٹر سائیکلوں پر آئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے ابتدائی تفتیش کے لیے بینک کے گارڈ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تین لزمان قرض لینے کے بہانے بینک کے اندر داخل ہوئے، دو ملزما ننے سیکیورٹی گارڈ سے اسلحہ چھین لیا اور باآسانی واردات کرکے فرار ہوگئے۔

واضح رہے کہ شہر میں جاری لاک ڈاؤن کے باوجود ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائمز وارداتیں رکنے کا نام نہیں لے رہی ہیں، اس سے قبل بھی شہریوں کو قیمتی اشیا سے محروم کیا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ رمضان کے دوران کراچی کے علاقے سرجانی میں مسلح ڈاکو سحری کے وقت داخل ہوئے تھے اور سحری کرنے کے ساتھ ساتھ گھر کا صفایا بھی کرگئے تھے۔