مفتی پوپلزئی نے عید کا چاند دیکھنے کیلئے 28 رمضان کو اجلاس طلب کر لیا

  • May 21, 2020, 1:06 am
  • National News
  • 229 Views

مفتی پوپلزئی نے عید کا چاند دیکھنے کیلئے 28 رمضان کو اجلاس طلب کر لیا، مسجد قاسم علی خان پشاور کے امیر نے 22 مئی بروز جمعہ کو اجلاس بلا لیا، اس روز ملک بھر میں 28 ویں روزہ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کی مسجد قاسم علی خان کے امیر مفتی پوپلزئی نے ایک مرتبہ پھر عید الفطر کی رویت کے معاملے کو متنازعہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
مفتی پوپلزئی نے پورے ملک کے برعکس ایک روز قبل ہی رمضان المبارک کے آغاز کا اعلان کر دیا تھا۔ جبکہ اب انہوں نے عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس سے ایک روز قبل ہی اپنا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ مفتی پوپلزئی نے اعلان کیا ہے کہ عید الفطر کا چاند دیکھنے کیلئے ان کی زیر صدارت اجلاس مسجد قاسم علی خان پشاور میں ہو گا۔
اجلاس 22 مئی بروز جمعہ کو طلب کیا گیا، جب ملک بھر میں 28 رمضان المبارک ہوگا۔ دوسری جانب شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے، جو کراچی میں 23 مئی بروز ہفتہ کو ہوگا۔ اجلاس کی صدارت مفتی پاکستان منیب الرحمان کریں گے۔ اجلاس کے دوران تمام زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اراکین بھی بذریعہ ٹیلی فون رابطے میں رہیں گے۔
جبکہ شوال کے چاند کی رویت کے حوالے سے وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قمری کلینڈر میں پہلے ہی عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کیا جا چکا، جو کہ 24 مئی ہے۔ دوسری جانب ماہرین موسمیات اور ماہرین فلکیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ ملک میں رمضان المبارک کا چاند 23 مئی بروز ہفتہ کو نظر آنے کا امکان نہیں ہے۔ شوال کا چاند 24 مئی بروز اتوار کو نظر آئے گا، یوں عید الفطر 25 مئی بروز پیر کو ہوگی۔