سابق گورنر بلوچستان کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

  • May 21, 2020, 1:07 am
  • COVID-19
  • 218 Views

رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، طبیعت بگڑنے کے بعد انتقال کرگئے


سابق گورنر بلوچستان کرونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔ رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سید فضل آغا کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انکی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ سید فضل آغا کا تعلق بلوچستان کے ضلع پشین تھا اور وہ 1997سے 1999 تک بلوچستان کے گورنر رہے اس کے علاوہ وہ 1988سے1991 تک سینیٹ کے ڈپٹی چئیرمین بھی رہے تھے۔
اس وقت وہ بلوچستان اسمبلی کے رکن تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم ایک سینئیر سیاستدان اور انتہائی نفیس شخصیت کے مالک تھے جن کا بلوچستان کی سیاست میں اہم کردار رہا ہے اور انہوں نے بحثیت گورنر صوبے کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا، ان کی صوبے کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 1ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اب تک 1003مریض کورونا سے جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 46ہزار915ہوگئی ہے۔ اب تک ملک میں 13ہزار101مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو بھی جاچکے ہیں۔ اب تک ملک میں 4لاکھ14ہزار سے زیادہ ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ مزید ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔ بلوچستان میں اب تک 2885کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ سندھ ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے جہاں اب تک 18ہزار964کیسز سامنے آچکے ہیں، پنجاب میں 16ہزار685, خیبرپختونخوا میں 6554، آزاد جموں کشمیر میں 133 اور گلگت بلتستان میں 556 کیسز سامنے آچکے ہیں۔