غیر متعلقہ فورم پر رابطہ کرکے حکومت نے محنت پرپانی پھیر دیا، فوزیہ صدیقی

  • May 21, 2020, 2:52 pm
  • National News
  • 81 Views

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم کروڑوں روپے امریکا میں وکلاء کو ادا کرتے رہے، وفاقی حکومت نے عافیہ سے متعلق غیر متعلقہ فورم پر رابطہ کرکے محنت پرپانی پھیر دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں جسٹس محمد علی مظہر نے امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی وطن واپسی سے متعلق ان کہ بہن فوزیہ صدیقی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔

درخواست کی سماعت میں سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے پیش رفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے درخواست گزار سے رحم کی اپیل کا طریقہ کار بھی طلب کرلیا جبکہ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کو پیش رفت رپورٹ سے عافیہ صدیقی کے اہلخانہ کو آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار فوزیہ صدیقی نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے عافیہ صدیقی سے متعلق غیر متعلقہ فورم پر رابطہ کیا ہے، وفاقی حکومت کہہ رہی ہے کہ عافیہ صدیقی خود بات نہیں کرنا چاہتی۔

فوزیہ صدیقی کا موقف تھا کہ کیا ایک ماں اپنی اولاد کے ساتھ بات نہیں کرے گی؟ ، ہم کروڑوں روپے امریکا میں وکلاء کو ادا کرتے رہے، حکومت نےمحنت پرپانی پھیر دیا۔

وفاقی حکومت جو کچھ بھی کررہی ہے کم سے کم ہمیں اس کی اطلاع دے، غلط فورم پر رابطہ کرنے سے وفاق کی درخواست غیر موثر ہوگئی ہے۔

فوزیہ صدیقی نے بتایا کہ عافیہ صدیقی جس جیل میں ہے وہاں 600 قیدی کورونا سے انتقال کرچکے ہیں،عافیہ کی جان کو خطرہ ہے، حکومت کچھ نہیں کررہی۔

عدالت نےسماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ وفاق جو بھی کوششیں کر رہا ہے درخواست گزار کو آگاہ کرتے رہیں۔

واضح رہے کہ فوزیہ صدیقی نے بہن عافیہ صدیقی کی واپسی کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے