پہلا ملک جہاں باضابطہ طور پر عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا

  • May 22, 2020, 2:32 pm
  • World News
  • 294 Views

پہلا ملک جہاں باضابطہ طور پر عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا، آسٹریلیا کی امام کونسل کے اعلامیہ کے مطابق شوال کا چاند کل 22 مئی کو نظر آنے کا امکان نہیں، عید 24 مئی بروز اتوار کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس کا رمضان المبارک کا مہینہ اپنے اختتام کے قریب ہے۔ کل 22 مئی بروز جمعہ کو دنیا کے بیشتر ممالک میں 29 واں روزہ ہوگا، اور ان ممالک میں شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب کیے جا چکے ہیں۔
ان ممالک میں آسٹریلیا بھی شامل ہے۔ تاہم اب جمعرات کے روز آسٹریلیا کی امام کونسل نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں عید الفطر 24 مئی کو ہوگی۔ امام کونسل کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ان کی جانب سے آسٹریلین فتویٰ کونسل اور ماہرین موسمیات اور فلکیات سے لی جانے والی ماہرانہ رائے کے مطابق کل 22 مئی بروز جمعہ کو آسٹریلیا میں شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، اس لیے اس حتمی نتیجے پر پہنچے ہیں کہ 23 مئی بروز ہفتہ کو آسٹریلیا میں عید الفطر ہونے کا امکان نہیں ہے۔
آسٹریلیا میں مقیم مسلمان 24 مئی بروز اتوار کو عید الفطر منائیں گے۔ تاہم یہ بھی واضح رہے کہ کرونا وائرس پھیلاو ک باعث دنیا کے دیگر ممالک کی طرح آسٹریلیا میں بھی مسلمان مساجد میں عید کی نماز ادا کرنے سے قاصر رہیں گے۔ لوگوں کو گھروں میں ہی عید کی نماز ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یہ بھی واضح رہے کہ کل بروز جمعہ کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور دیگر خلیجی ممالک میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کیلئے اجلاس طلب کیا جا چکا ہے۔ تاہم ماہرین فلکیات کے مطابق سعودی عرب میں بھی کل شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، یوں مملکت میں 24 مئی بروز اتوار کو عید الفطر ہو گی۔