لا ک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے کورونا وباء کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے: میر ضیاء اللہ لانگو

  • May 22, 2020, 2:37 pm
  • COVID-19
  • 180 Views

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی وجہ سے کورونا وباء کے پھیلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں، اس لئے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت بھی اب سے پہلے سے ز یادہ بڑھ گئی ہے لہذا عوام سے اپیل ہے کہ وہ اپنے معمولات زندگی خصوصاً بازاروں میں خریداری کرتے وقت احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھیں، یہ اس وباء سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کا واحد موثرذریعہ اور یہی ہم سب کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ صوبے کے باشعور شہری اپنوں، اپنے پیاروں اور دوسروں کو اس مہلک وبا سے محفوظ بنانے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں گے، اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ صورتحال میں لوگوں اور خصوصا معاشرے کے کمزور طبقوں کو درپیش مالی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے لاک ڈاون میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیاہے لیکن اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ یہ وبا ختم ہو گئی اور حالات معمول پر آگئے ہیں بلکہ اب اس وبا کے بڑے پیمانے پر پھیلنے کے امکانات بڑھ گئے لہذا عوام کو احتیاطی تدابیر کے حوالے سے انتہائی محتاط رہنا ہوگا۔صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا ہے کہ ہم صوبے کے معروضی حالات اور زمینی حقائق کے پیش نظر ہرچیز کو مکمل طور پر بند نہیں رکھ سکتے کیونکہ ہمیں کورونا وباکی روک تھام کے ساتھ ساتھ لوگوں کو بھوک سے بچانے کے لئے معیشت اور کاروبار زندگی کا پہیہ بھی چلانا ہے ،اس لئے ان دونوں صورتحال کے درمیان توازن کو برقرار رکھنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم پر اپنا خصوصی رحم و کرم کرے اور مستقبل قریب میں یہ وبا ختم ہو جائے بصورت دیگر ہمیں اس وبا کے ساتھ جینے کا ڈھنگ سیکھنا ہوگا اور اپنے سماجی عادات و اطوار کو بدلنا ہوگا۔ وزیر داخلہ نے تاجر برادری اور کاروباری حضرات پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مشروط طور پر کھولے گئے بازاروں میں احتیاطی تدابیر اور سماجی رابطوں کے اصولوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں انتظامیہ کو مجبورا ان متعلقہ مارکیٹوں کو سیل کرنا ہوگا۔