زین پولانی اہلیہ اور 3 بیٹوں سمیت طیارہ حادثے کا شکار ہو گئے

  • May 23, 2020, 12:56 pm
  • National News
  • 247 Views

پولانی فیملی بھی کراچی طیارہ حادثے کا شکار ہوگئی۔یحییٰ پولانی کے بھتیجے اور زکریا پولانی کے چھوٹے صاحبزادے بیوی بچوں سمیت حادثے کا شکار ہوگئے۔پولانی فیملی کے پانچ افراد بدقسمت طیارے میں سوار تھے۔یحییٰ پولانی کے بھتیجے زین پولانی،ان کی اہلیہ اور تین بیٹے حادثے کا شکار ہوئے۔حادثے کی شکار شاہدہ لندن میں پی ایچ ڈی کر رہی تھی اور وہاں اپنے شوہر اور تین بچوں کے ساتھ مقیم تھیں۔
چند روز قبل ہی ان کی فیملی کو لندن سے لاہور کی پرواز ملی تھی اور اب وہ لاہور سے عید منانے اپنے گھر آرہے تھے کہ اس حادثے کا شکار ہوگئے۔سوشل میڈیا پر ان کی بچوں کے ساتھ تصاویر بھی وائرل ہو رہی ہیں جس نے دیکھنے والوں کو آبدیدہ کردیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ ہنستا بستا ہوا گھرانہ منٹوں میں اجڑ گیا, زین پولانی اپنی اہلیہ اور تین بچوں سمیت طیارہ حادثہ میں شہید, بچے اپنی نانی کے گھر عید منانے کیلئیے والدین کے ہمراہ کراچی آرہے تھے, ﷲ پاک درجات بلند فرمائے۔

۔دوسری جانب ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کو کراچی میں پیش آنے والے حادثے کے باعث متاثر ہونے والے 25 گھروں کو کلیئر کر لیا گیا ہے۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے ٹوئیٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا گیا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 97 افراد کی لاشیں جائے وقوعہ پر سے نکال لی گئی ہیں اور طیارہ گرنے کے باعث متاثر ہونے والے 25 گھروں کے رہائشیوں کو مقامی انظامیہ کی مدد سے دوسرے مقامات پر منتقل بھی کر دیا گیا ہے۔