پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر

  • May 28, 2020, 1:47 pm
  • National News
  • 96 Views

کراچی : پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے اور تمام ریکارڈتفتیشی افسرکو فراہم کرنے کاحکم دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کی مقامی عدالت میں پی آئی اے طیارہ حادثے کے مقدمے کے اندراج کیلئے درخواست دائر کردی گئی، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ایئرپورٹ پولیس ذمےداروں کےخلاف ایف آئی آردرج نہیں کررہی، معاملات کومشکوک بنایاجارہاہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی پولیس کو ایف آئی آر درج کرنے اور تمام ریکارڈتفتیشی افسرکوفراہم کرنے کاحکم دیاجائے، حادثےکےذمے دار وزیرہوا بازی، چیف کنٹرولر اور چیئرمین پی آئی اےہیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب ماڈل کالونی جناح گارڈن میں رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے۔

بعد ازاں پولیس نے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی ابتدائی رپورٹ تیار کی تھی ، جس میں بتایا گیا تھا کہ 2 بجکر37منٹ پرجہاز لینڈنگ سے پہلے رہائشی علاقےمیں گرا، طیارہ گرنے سے 12 گھر اور کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جائے حادثہ سے97 افراد کی لاشیں نکالی گئیں جس میں سے 19کےعلاوہ دیگر لاشیں بری طرح جلنےسےناقابل شناخت ہیں جب کہ بچ جانے والے مسافر اور زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کیاگیا۔

خیال رہے گورنر سندھ اسماعیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا طیارہ حادثہ سے متاثر ہونیوالے مکانات کی تعمیر حکومت برداشت کرے گی ، وزیراعظم عمران خان نے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی ہے۔