آسیہ بی بی کی بہن نے مبینہ طور پر آشنا کیساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا

  • May 29, 2020, 11:18 am
  • Business News
  • 151 Views

پیر کے روز 52 سالہ یونس مسیح کی گلا کٹی لاش کھیتوں سے ملی، اہل خانہ کی درخواست کے بعد پولیس نے نجمہ بی بی اور اس کے آشنا عرفان کو گرفتار کر لیا


آسیہ بی بی کی بہن نے مبینہ طور پر آشنا کیساتھ مل کر شوہر کو قتل کر دیا، پیر کے روز 52 سالہ یونس مسیح کی گلا کٹی لاش کھیتوں سے ملی، اہل خانہ کی درخواست کے بعد پولیس نے نجمہ بی بی اور اس کے آشنا عرفان کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق توہین رسالت کیس میں باعزت بری ہو کر بیرون ملک چلی جانے والی آسیہ بی بی کی بہن کو شوہر کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ آسیہ بی بی کی بہن نجمہ بی بی کے 52 سالہ شوہر یونس مسیح کو گلا کاٹ کر قتل کیا گیا۔ ان کی لاش پیر کے روز کھیتوں سے ملی تھی۔ واقعے کے بعد یونس مسیح کے اہل خانہ نے پولیس میں درخواست دی تھی جس کے بعد واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ یونس مسیح کے اہل خانہ نے اپنی درخواست میں نجمہ بی بی پر الزام عائد کیا کہ اس کے عرفان ڈوگر نامی شخص سے تعلقات ہیں، اور ان دونوں نے ہی یونس کو قتل کیا ہے۔
پولیس نے بعد ازاں شواہد ملنے کے بعد یونس مسیح کی اہلیہ نجمہ بی بی اور اس کے آشنا کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش نجمہ بی بی اور اس کے آشنا عرفان نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آسیہ بی بی کی بہن نجمہ بی بی کا عرفان ڈوگر نامی شخص سے کافی عرصے سے چکر چل رہا تھا۔ دونوں نے غیر ازدواجی تعلقات قائم کر رکھے تھے۔ یونس مسیح کو حال ہی میں نجمہ اور عرفان کے تعلقات کے بارے معلوم ہوا تھا۔
یونس نے اپنی بیوی نجمہ کو کئی مرتبہ عرفان سے تعلقات ختم کرنے کا کہا، جس کے بعد اب دونوں نے مل کر یونس کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔ پولیس کا مزید بتانا ہے کہ یونس مسیح اور نجمہ بی بی کے 2 بچے ہیں۔ ایک بیٹی جس کی عمر 14 سال ہے، جبکہ ایک بیٹے کی عمر 12 سال ہے۔ یونس مسیح ایک کسان تھا اور خانپور میں ایک زمیندار کی زمینوں پر کام کرتا تھا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ اس کیس کے حوالے سے بھارتی میڈیا میں بھی منفی پراپیگنڈا کیا جا رہا تھا، تاہم اب کیس کے تمام حقائق سامنے آگئے ہیں۔