ریلوے ایڈوانس بکنگ سے متعلق خوش خبری

  • May 29, 2020, 12:07 pm
  • Business News
  • 110 Views

کراچی: محکمہ ریلوے نے 31 مئی کے بعد بھی ایڈوانس بکنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ایڈوانس بکنگ جاری رکھنے کے سلسلے میں نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ ریلوے نے 31 مئی کے بعد بھی ٹرینوں میں ایڈوانس بکنگ جاری رکھنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا، لاک ڈاؤن کے دوران چلائی جانے والی 15 ٹرینوں کی ایڈاوانس بکنگ اکتیس مئی کے بعد بھی جاری رکھی جائے گی۔

محکمہ ریلوے کا کہنا ہے کہ ٹرینوں کی ٹکٹوں کے بکنگ آفسز صبح 8 سے رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے، کراچی میں سٹی ریلوے اسٹیشن، حیدر آباد، روہڑی اور سکھر بکنگ آفس کھلا رہے گا۔

ریلوے کے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ اگلے احکامات تک ایڈاونس بکنگ جاری رکھی جائے۔

یاد رہے کہ چند دن قبل ایک پریس کانفرنس میں وزیر ریلوے شیخ رشید نے بتایا تھا کہ ٹرینوں کی بکنگ کی مد میں 23.2 کروڑ روپے ایڈوانس جمع ہیں۔

گزشتہ ماہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں ریلوے کا 5 ارب روپے مہینے کا نقصان ہو رہا ہے، جس سے ملک میں سفید پوش طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے