پاکستانی دستوں نے کانگو کے 2 ہزار سیلاب زدگان کو بچالیا

  • May 29, 2020, 12:55 pm
  • National News
  • 146 Views

راولپنڈی: اقوام متحدہ امن مشن میں شامل پاکستانی امن دستوں نے جنوبی کانگو میں شدید سیلاب میں پھنسے 2 ہزار لوگوں بچا لیا۔

گزشتہ ہفتے جنوبی کانگو کے علاقے یوویرا میں مسلسل کئی روز سے جاری شدید بارشوں سے آنیوالے سیلاب نے ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچایا جس سے 75 ہزار کے قریب لوگ متاثر ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یو این مشن میں شامل ’’ پاکستانی بلیو ہیلمنٹ‘‘فوراََ متاثرہ علاقے میں پہنچے اورسیلاب میں گرے مقامی لوگوں کومحفوظ مقام پر منتقل کیا۔ پاکستانی امن دستے نے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو خوراک اور ضروری طبی امداد فراہم کی ۔پاکستانی امن دستوں کی ریسکیو خدمات کو مقامی اور عالمی سطح پر سراہاگیا۔
پاکستان اقوام متحدہ کو سب سے بڑے فوجی دستے فراہم کرنیوالے ممالک میں سے ایک ہے جس کے 4ہزار بلیو ہیلمنٹ اس وقت اقوام متحدہ قیام امن مشن میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔عالمی سطح پر اقوام متحدہ کے قیام امن کے مختلف مشنز میں اب تک 157 پاکستانی فوجی جوان جانوں کا نذزانہ دے چکے ہیں۔