میڈیکل سٹوڈنٹ سلمان طاہر کورونا کا شکار ہو کر انتقال کر گئے

  • May 29, 2020, 9:17 pm
  • COVID-19
  • 400 Views

ایم بی بی ایس کے آخری سال کے طالب علم سلمان طاہر کورونا وائرس کا شکار ہو کر جہان فانی سے کوچ کر گئے۔تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس دنیا بھر میں طبی عملے کو بھی متاثر کر چکے ہیں۔آج بھی شعبہ میڈیکل سے تعلق رکھنے والا نوجوان کورونا وائرس کا شکار ہو کر انتقال کر گیا۔سلمان طاہر ایم بی بی ایس کے آخری سال کے طالب علم تھے۔
سلمان طاہر راشد لطیف میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھے۔سلمان طاہر کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں وینٹیلیٹر پر بھی رہا،ان کی صحتیابی کے لیے سوشل میڈیا پر بھی دعاؤں کی اپیل کی گئی تھی تاہم اب بتایا گیا ہے کہ وہ اس مہلک وائرس کا شکار ہو کر دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر سلمان طاہر کی تصاویر بھی وائرل ہو رہی ہیں جس نے دیکھنے والوں کو آبدیدہ کر دیا۔



اسی طرح کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر مقامی اسپتال میں زیر علاج لیڈی ڈاکٹر ثناء فاطمہ جاں بحق ہو گئی۔ترجمان محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈاکٹر ثناء فاطمہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور وہ مقامی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔



۔واضح رہے کہ لک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 2636 نئے کیسز اور 57 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) تازہ ترین اپ ڈیٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد40 ہزار 406، تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 64 ہزار 28 تک پہنچ گئی، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2636 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، 57 مزید اموات کے ساتھ مجموعی اموات 1317ہو گئی ہیں۔
این سی او سی کے مطابق سندھ میں سب سے زیادہ25 ہزار309 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کورونا وائرس کیسز کی تعداد 22 ہزار 305 تک پہنچ گئی ہے۔خیبرپختونخوا میں کیسز کی تعداد 8 ہزار 842 اور اسلام آباد میں 2100 ہو گئی۔ بلوچستان میں 3928، گلگت بلتستان میں 658 کیسز رپورٹ ہوئے۔