لاک ڈاؤن میں سختی یا مزید نرمی سے متعلق فیصلہ آج کیا جائے گا

  • June 1, 2020, 1:52 pm
  • COVID-19
  • 131 Views

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں لاک ڈاؤن میں سختی یا مزید نرمی سے متعلق فیصلہ آج کیا جائے گا، اس حوالے سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرنے حکمت عملی تیارکرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا کے پھیلاؤ میں تشویشناک اضافہ ہوتا جارہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج ہوگا، اجلاس میں وفاقی وزرا، وزرائے اعلیٰ سمیت متعلقہ حکام شریک ہوں گے۔

اجلاس میں لاک ڈاؤن میں نرمی یا سختی کا فیصلہ ہوگا اور کورونا وائرس کے خلاف اقدامات پر غور کیا جائے گا جبکہ این سی او سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق ہوگی۔

سندھ اور بلوچستان لاک ڈاؤن میں نرمی کیخلاف اور پابندیاں مزید سخت کرنے کے حامی جبکہ دیگر دو صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی اجلاس میں تجاویز پیش کریں گے اور قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں تجاویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

گذشتہ روز وفاقی وزیر اسدعمرکی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا تھا ، جس میں متعلقہ حکام نے کوروناایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی اور قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے متعلق حکمت عملی تیارکرلی گئی۔

اسدعمر کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کیلئے تاجر تنظیموں سے مدد لے گی، دکاندار بغیر ماسک والے گاہک سے لین دین نہ کرنے کی پالیسی اپنائیں جبکہ ایس او پیز پر عملدرآمد،لاک ڈاؤن میں نرمی پر جامع پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔

اجلاس میں ایس اوپیز خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی سفارش کی گئی، وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ این سی اوسی کورونا پر قلیل وطویل المدت پالیسیاں وضع کررہی ہے، متعلقہ ادارے کورونا وائرس سے متعلق عوامی شعور اجاگر کریں اور عوام کو کورونا کیخلاف جنگ میں حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔

این سی اوسی کااسپتالوں میں وینٹی لیٹرکی دستیابی پراظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں یکم جون سے ریسورس مینجمنٹ سسٹم کا نفاذ ہوگا، جس کے بعد آرایم ایس سے عوام کو اسپتالوں کی تازہ معلومات دستیاب ہوں گی۔

خیال رہے حکومت نےماسک کااستعمال لازمی قرار دیتے ہوئے عوام سےاحتیاط کی اپیل کی ہے۔