پی ٹی آئی کے درجنوں کارکن نے پارٹی چھوڑ دی

  • June 1, 2020, 4:58 pm
  • Political News
  • 99 Views

حافظ آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان نے پاکستان تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ دیا۔سابق تحصیل ناظم رائے جہانگیر کھرل اور رائے ریاست علی کھرل نے ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔اس کے علاوہ بھی درجنوں پی ٹی آئی کارکنان نے پی ٹی آئی چھوڑ کر ن لیگ میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔
مذکورہ افراد نے ن لیگ کی رہنما سائرہ افضل تارڑ سے ملاقات کی اور بعدازاں ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا۔سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ ن لیگ عوام کی ترجمانی کرنے والی واحد جماعت ہے۔عمران خان کے دائیں بائیں آٹا چور اور چینی چور بیٹھے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت اپوزیشن کو نیب کی دھمکیاں دے رہی ہے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کے بعد کئی کارکنان حکومتی پالیسیوں سے نالاں نظر آتے ہیں۔
جب کہ سردار عثمان بزدار کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنائے جانے پر بھی تحریک انصاف کے چئیرمین اور وزیراعظم عمران خان کو اپنی ہی پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان کی طرف سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم عمران خان ہر موقع پر عثمان بزدار کا دفاع کرتے ہوئے نظر آئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بیانات میں بھی مختلف موقوں اور موضوعات پر تضاد سامنے آتا ہے جس کی وجہ سے کارکن شدید مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں کہ آخر ہمیں کس نظریے کو سپورٹ کرنا ہے۔
مثال کے طور پر پی ٹی وی پر ترک ڈرامہ نشر کرنے کے عمران خان کے فیصلے پر کسی رہنما نے تعریف کی تو کسی نے تنقید کی۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا شہرہ آفاق ترکش ڈرامہ ارطغرل غازی کے خلاف بیان سامنے آیا ہے ۔۔وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ کیا گیا جس میں انہوں نے ارطغرل غازی نشر کرنے کی مخالفت کی۔
فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ حیران ہوں کہ پی ٹی وی دوسرے ممالک کی پروڈکشن پر فخر محسوس کر رہا ہے، آپ لوگوں کو پاکستان کی پروڈکشن پر توجہ دینی ہوگی، اگر ایسا نہیں کیا گیا تو دیگر غیر ملکی ڈرامے پاکستان کی پروڈکشن کو برباد کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ڈراموں کو درآمد کرنا ہمیشہ ہی سستا ہے لیکن یہ طویل عرصے تک ہماری پروگرامنگ پر تک تباہ کن اثر ڈالتا ہے۔