بلوچستان : اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع

  • June 2, 2020, 11:14 am
  • Breaking News
  • 254 Views

کوئٹہ : حکومت بلوچستان نے صوبہ بھر میں جاری اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کر دی، کاروباری مراکز ہفتےمیں 6روز صبح 9 سےشام 7 بجےتک کھلے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں15دن کی توسیع کر دی، محکمہ داخلہ کی جانب سے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز اور دکانیں ہفتے میں6دن صبح9سے شام7بجے تک کھلی رہیں گی، ہفتہ سے جمعرات تک اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت دکانیں کھولی جائیں گی۔

محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ جمعہ کو تمام کاروباری مراکز اور دکانیں بند رکھی جائیں گی، دودھ کی دکانیں، تندور، میڈیکل اسٹورز پورا ہفتے اپنا کاروبار جاری رکھیں گے۔

محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریسٹورینٹ24گھنٹے صرف پارسل، ٹیک اوے کی سہولت فراہم کرسکیں گے، انٹرسٹی، انٹر ڈسٹرکٹ پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی برقرار رہے گی، مذہبی، سماجی اور دیگر تقریبات پر بھی پابندی عائد رہے گی۔

حکومت بلوچستان نے واضح کیا ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بھی15جولائی تک بند رہیں گے، سینما، پکنک پوائنٹس، شادی ہال،جم اور کلبز پر عائد پابندی برقرار رہے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اہم اجلاس میں ہفتے میں 5 روز تمام کاروبار کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ دکانیں اور مارکیٹیں صبح 9 سے شام 7 بجےتک کھلی رہیں گی جبکہ میڈیکل اسٹورز، کریانہ، گروسری اور پٹرول پمپس ہفتے میں 7 دن کھلے رہیں گے۔

ذرائع کے مطابق ٹرانسپورٹ ایس اوپیز کےساتھ چلتی رہے گی جبکہ ماسک پہننا لازمی ہو گا اس کے علاوہ ملک بھرمیں تفریح گاہیں بند رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔