کوروناوائرس سے صحت یاب ہونے والے ایم ایم اے کے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی انتقال کر گئے

  • June 2, 2020, 3:43 pm
  • National News
  • 132 Views

متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی انتقال کر گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر اورکزئی کورونا کا شکار ہو کر صحت یاب ہو گئے تھے، تا ہم اب ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔ اس حوالے سے منیر اوکرزئی کے بھتیجے عرفان اللہ نے بتایا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کورونا سے مکمل صحت یاب ہو چکے تھے، صبح جب انہیں فجر کی نماز کے لئے اٹھانے گئے تو وہ وفات پا چکے تھے۔
بھتیجے نے بتایا ہے کہ صبح کے وقت ضلع کرم چیک اپ کے لئے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں انہیں مردہ قرار دیا گیا۔ منیر اورکزئی کا تعلق جمعیت علماء اسلام سے تھا اور NA 45 سے 2018 کے انتخابات میں جے یو آئی (ف) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ کچھ دن قبل قومی اسمبلی کے اجلاس میں رکن اسمبلی منیراورکزئی کی طبیعت خراب ہوگئی اور وہ نشست پر گرگئے، جس کے بعد منیر اورکزئی کوابتدائی چیک اپ کے بعد ایمبولینس کے ذریعے پولی کلینک ہسپتال منتقل کردیاگیا تھا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سےقبل رکن قومی اسمبلی میں کورونا کی تصدیق ہو چکی تھی جس کے بعد قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد وہ صحت یاب بھی ہو گئے تھے، تا ہم اسمبلی اجلاس کے دوران ان کے نشست پر گر جانے کی وجہ سے تشویش کا عالم پیدا ہو گیا تھا۔ منیر اورکزئی کے قریبی خاندانی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ کورونا سے مکمل صحت یاب ہو گئے تھے، بتایا گیا ہے کہ رات سوتے ہوئے انہیں دل کا دورہ پڑا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہو گیا ہے۔ اس حوالے سے منیر اوکرزئی کے بھتیجے عرفان اللہ نے بتایا ہے کہ آج صبح فجر کی نماز کے وقت جب انہیں اٹھانے گئے تو ان کا انتقال ہو چکا تھا۔