زخمی لکڑ بگھےکی قسمت کا فیصلہ کمیٹی کرے گی

  • June 2, 2020, 4:17 pm
  • National News
  • 119 Views

خیبر پختون خوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان سے پکڑا گیا زخمی لکڑ بگھا جو پشاور کے چڑیا گھر میں زیرِ علاج ہے اس کی قسمت کا فیصلہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے جو فیصلہ کرے گی کہ لکڑ بگھے کو جنگل بھیجا جائے یا چڑیا گھر کے حوالے کیا جائے۔

پشاور چڑیا گھر کے ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر کے مطابق زخمی لکڑ بگھے کا علاج جاری ہے، اس کی ٹانگوں پر زخم آئے ہیں جن کی مرہم پٹی کر دی گئی ہے۔


انہوں نے بتایا کہ زخمی لکڑ بگھے کی حالت خطرے سے باہر ہے اور یہ نایاب جنگلی جانور 2 ہفتوں تک مکمل طور پر صحت یاب ہوجائے گا۔

چڑیا گھرکے ویٹرنری آفیسر کا مزید کہنا ہے کہ زخمی لکڑ بگھےکی عمر 2 سے 3سال کے درمیان ہے، جسے چڑیا گھر میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔

ویٹرنری آفیسر ڈاکٹر عبدالقادر کا یہ بھی کہنا ہے کہ لکڑ بگھے کو روزانہ ایک کلو گرام گوشت دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مقامی قبائل نے کوہِ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں لکڑ بگھے کا شکار کیا تھا جس میں وہ زخمی ہو گیا تھا۔