ماسک نہ پہننے والے شہری ہوشیار ہوجائیں

  • June 5, 2020, 1:28 pm
  • COVID-19
  • 103 Views

لاہور : پنجاب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیزکی خلاف ورزی پر جرمانے کیے جائیں گے، ماسک نہ پہننے والے شہریوں پر پانچ سو روپے جرمانہ کرنے کی تجویز سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیزکی خلاف ورزی پر شہریوں پر جرمانے کی تجاویز پر غور شروع کردیا، ماسک نہ پہننے والے شہریوں پر پانچ سو روپے جرمانہ کرنے کی تجویز دی گئی۔

پنجاب حکومت کے ذمہ دار ذرائع نے بتایا ہے کہ کورونا روک تھام کے لیے پبلک مقامات پر تھوکنے پربھی پانچ سو روپے جرمانہ ہوگا جبکہ قرنطینہ میں محکمہ صحت کے ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر دو ہزار روپے جرمانے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق مارکیٹ کمرشل ایریاز میں سوشل ڈسٹنسنگ نہ کرنے پر دو ہزار، کمرشل ایریا کےمالکان کو بھی دو ہزار روپے جرمانہ ہوگا، بس مالکان کو سماجی فاصلہ اور دیگر ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر دس ہزار روپے، ویگن مالک کو پانچ ہزار، کارمالک کو دو ہزار،آٹورکشہ اور ٹو ویلرز کو پانچ سو روپے جرمانہ کرنے کی سفارش ہے۔

پنجاب حکومت کی جانب سے باقاعدہ منظوری کے بعد نوٹی فیکیشن جاری ہوگا۔

یاد رہے وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے عوامی مقامات پرماسک نہ پہننےپرجرمانےکی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا ماسک نہ پہننے پر جرمانے سے متعلق کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیاگیا اور نہ حکومت نے عوامی مقامات پرماسک نہ پہننےپرابھی قانونی سزا مقرر کی۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ماسک نہ پہننےپرجرمانوں سےمتعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، ہمسایہ ملک کےنوٹیفکیشن کوچندجگہ غلطی سے پاکستان کا نوٹیفکیشن سمجھ کرچلایا گیا، ماسک نہ پہننےپرسزایاجرمانےکاتعین ہونےپرعوام کوآگاہ کیاجائےگا۔