’مرنے والے کے لواحقین کو کرونا میں ڈلوانے کے عوض پیسے دیے جارہے ہیں‘

  • June 5, 2020, 1:29 pm
  • COVID-19
  • 297 Views

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے انکشاف کیا ہے کہ بدین میں مرنے والوں کے ورثا کو کرونا مریض قرار دینے کے عوض پیسے دیے جارہے ہیں۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’بدین میں کچھ مقامات پر مرنے والوں کےورثا کو کہا جارہاہےکہ پیسے لے کر اپنے پیارے کو کرونا میں ڈلوا دو‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’مجھے یہ بات ایک فلاحی ادارے نے بھی بتائی، یہ صوبےکےخلاف سازش بھی ہوسکتی ہے لہذا سندھ حکومت اس معاملے کی فوری تحقیقات کرے اور اگر کوئی ملوث ہے تو اُس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے‘۔

خواجہ اظہار کا کہنا تھا کہ ’وزیراعلیٰ سندھ اور مرتضیٰ وہاب کی تقریرسنی بہت اچھی تھی، کراچی میں 2کمروں میں 6 افراد رہتے ہیں تو کس طرح لاک ڈاؤن کو کامیاب بنایا جاسکتا ہے؟ وفا ق اورسندھ کی لڑائی میں صوبےکا نقصان ہوا ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ کاروباری حضرات نے کرونا کے بعد کافی پیسے کمائے اور فیس ماسک یا این 95 مہنگے داموں فروخت کیے، لاک ڈاؤن کی صورت حال میں پولیس نے بے لگام کردار ادا کیا۔

ایم کیو ایم رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پولیس نے کاروباری افراد سے رابطہ کر کے ہر ماہ رقم دینے کا مطالبہ کیا اور یقین دہانی کرائی کہ رقم کی ادائیگی کے بعد کاروبار کھول دیا جائے گا، سندھ حکومت کے اقدامات سے تاجر ، اساتذہ اور ڈاکٹرز مطمئن نہیں ہیں۔