کرونا وائرس، ماہر ڈاکٹرز سے مفت مشورہ، پاکستانیوں کے لیے واٹس ایپ سروس متعارف

  • June 5, 2020, 1:30 pm
  • COVID-19
  • 163 Views

اسلام آباد: حکومت پاکستان نے کرونا وائرس کے پیش نظر عوام کے لیے واٹس ایپ سروس متعارف کرادی جہاں صارفین ڈاکٹر سے بالکل مفت مشورہ حاصل کرسکتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے منگل کے روز واٹس ایپ سروس متعارف کرائی جس کے ذریعے صارفین کو موبائل پر کرونا سے متعلق تمام معلومات فراہم کی جائیں گی۔

این سی او سی کے مطابق واٹس ایپ پر 3 ہزار 660 ڈاکٹرز دستیاب ہیں جن سے صارفین بالکل مفت مشورہ حاصل کرسکتے ہیں۔ سروس متعارف ہونے کے بعد 1936 صارفین کو واٹس ایپ پر پیغامات بھی ارسال کیے گئے۔

این سی او سی کے مطابق ماہر ڈاکٹرز نے کرونا سے متعلق 541 صارفین کو رہنمائی فراہم کی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے کرونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان کو ٹیم کا سربراہ مقرر کیا گیاہے، جو ملک بھر میں کرونا کے خلاف ہونے والے اقدامات پر نظر رکھیں گے ۔

علاوہ ازیں ڈاکٹرز کی ٹیم ملک کے مختلف علاقوں کا دورہ کرے گے اور کرونا کے خلاف مقامی حکومتوں‌کو معاونت فراہم کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم کا پہلا ہدف حکومت کی جانب سے دی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عوام سے عمل کروانا ہے تاکہ ملک بھر میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کو فوری طور پر روکا جاسکے۔

این سی او سی کی خصوصی ٹیم کرونا کے خلاف عوام میں شعور بیدار کرے گے۔

دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر کارروائیاں کی گئیں، اسلام آباد میں 22، گلگت میں 13، خیبرپختونخواہ میں 37 صنعتی یونٹس سیل کیے گئے جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 83، گلگت بلتستان میں 440 اور کے پی میں 525 دکانوں کو بھی ایس او پی کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر 115، گلگت بلتستان میں 907، خیبرپختونخواہ میں 3 ہزار 553 شہریوں پر جرمانہ کیا گیا۔