پاک فوج ٹڈی دل کےخاتمےکیلئےتمام دستیاب وسائل بروئےکار لائےگی، آرمی چیف

  • June 5, 2020, 1:30 pm
  • Breaking News
  • 179 Views

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ٹڈی دل پر قابو پانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ٹڈی دل کےخاتمےکیلئےتمام دستیاب وسائل بروئےکار لائےگی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے انسداد ٹڈی دل سینٹر کا دورہ کیا جہاں انجینئر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے بریفنگ دی۔

اس موقع پر آرمی چیف نےنیشنل ایکشن پلان کےتحت ٹڈی دل پر قابو پانےکی کوششوں کوسراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ٹڈی دل کےخاتمےکیلئےتمام دستیاب وسائل بروئےکار لائے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ سول انتظامیہ کےساتھ ٹڈی دل پر قابوپانےکیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا، قومی فوڈسیکیورٹی کے تحفظ اور معیشت پر پڑنے والے اثرات کو قابو پانےکیلئے اقدامات کیےجائیں گے۔

31 مئی کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے 52 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہےاور ٹڈیوں کے وار سے سب سے زیادہ بلوچستان متاثر ہوا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے 31، خیبرپختونخوا میں 10، پنجاب میں 5 اور سندھ میں 6 اضلاع ٹڈی دل سے متاثر ہیں، ٹڈیوں سے متاثرہ علاقوں کا سروے اور کنٹرول آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے بقول ملک میں 1102 ٹیمیں آپریشن میں حصہ لے رہی ہیں، 24گھنٹے میں 3لاکھ 63 ہزار ہیکٹر رقبے کا سروے ہوا، 4900 ہیکٹر رقبے کا ٹڈی مار ادویات سے ٹریٹمنٹ کیا گیا، بلوچستان میں 3200 ہیکٹر رقبہ پر اسپرے ہوچکا ہے۔