وزیراعظم نے شوگر مافیا کے خلاف ایکشن پلان کی منظوری دیدی

  • June 7, 2020, 11:41 pm
  • National News
  • 75 Views

وزیراعظم نے شوگر مافیا کے خلاف ایکشن پلان کی منظوری دیدی ہے، چینی کے شعبے کی ریگولیشن اور پیسوں کی ریکوری کا طریقہ کار بھی ایکشن پلان میں شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چینی بحران کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن پلان کی منظوری دیدی ہے اور تحقیقاتی کمیشن رپورٹ کی سفارشات پر عملدرآمد کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ہے۔
آج وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا ہے جس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ شوگر مافیا کے خلاف کارروئی کی جائے گی۔ اجلاس میں وفاقی وزرا، معاونین خصوصی اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے چینی بحران کے ذریعے عوام کا اربوں روپے کا نقصان کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی سفارشات پیش کیں جن میں قانونی کارروائی کے علاوہ چینی کے شعبے کی ریگولیشن اور پیسوں کی ریکوری کا طریقہ کار بھی شامل ہے۔
اجلاس میں رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی حتمی منظوری دی گئی۔ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان شوگر مافیا کی سرپرستی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا جو جلد پورا ہو گا۔ انہوں نے اپنے ٹویٹر پیغام میں قوم کو بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چینی سکینڈل میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا جو وعدہ کیا تھا اس پر عملدرآمد کیلئے بنی گالہ میں اہم اجلاس ہو رہا ہے۔