چینی سرمایہ کاری کیخلاف بیان پرشہبازگل سے استعفیٰ لیا جائے، احسن اقبال

  • June 7, 2020, 11:42 pm
  • Political News
  • 84 Views

پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ چینی سرمایہ کاری کیخلاف بیان پرشہبازگل سے استعفیٰ لیا جائے، شہبازگل نے کہا کہ چین کی سرمایہ کاری پاکستان کے مفاد میں نہیں، جب حکومت میں چین کے دشمن ہوں، پھر سی پیک کیسے کامیاب ہوسکتا ہے؟ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوسی شہباز گل کے پاکستان کے دوست ملک چین کے خلاف بیان منظر عام آنے کے بعد ان سے فورا استعفی لیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی آستینوں میں چین دشمن لوگ بیٹھے ہیں تو سی پیک کیسے کامیاب ہو سکتا ہے؟ احسن اقبال نے شہباز گل کے بیان کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں معاون خصوصی وزیراعظم شہباز گل نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر مجھے بطور بزنس پروفیسر پوچھا جائے کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری فائدہ مند ہے، تو میں کہوں گا کہ بالکل فائدہ نہیں ہے، کیونکہ چین اور پاکستان کا کلچر بالکل مختلف ہے۔
میں چین سے پیار کرتا ہوں، میں چین کیخلاف نہیں ہوں لیکن اس کے باوجود کہوں گا کہ چین اور پاکستان کا کلچر بہت زیادہ مختلف ہے۔ مزید برآں چینی بحران کی رپورٹ اور مافیا کیخلاف کاروائی کے حکومتی فیصلے پر احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں چینی کی قیمت مستحکم تھی۔ چینی کی قیمتیں بڑھنے کا ذمے دار کون تھا یہ نہیں بتایا گیا۔ پی ٹی آئی دورمیں چینی قیمت بڑھی بتایا جائے کس کس نے فائدہ اٹھایا۔
احسن اقبال نے کہا کہ چینی بحران میں جس کے نام آئے ان کا نام ای سی ایل میں کیوں نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی چوری کو چھپانے کیلئے مسئلے کو کنفیوژ کررہی ہے۔ جب ملک میں چینی کی کمی تھی پی ٹی آئی حکومت نے اس کی اجازت دی۔ نیب جتنا آزاد ہے آج پاکستان کے ہر شہری کو پتا ہے۔ عمران خان نیب کوہدایات دیتے ہیں تونیب اپوزیشن کیخلاف سرگرم ہوجاتا ہے۔ نیب کی آزادی کا سارا زوراپوزیشن پرچلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پہلے ان چوروں کوپکڑے جنہوں نے چینی منہگی کی۔