چیف جسٹس آف پاکستان نے ہفتہ اور اتوار کو بازار کھولنے کا حکم واپس لے لیا

  • June 8, 2020, 4:42 pm
  • National News
  • 139 Views

چیف جسٹس آف پاکستان نے ہفتے اور اتوار کو بازار کھولنے کا حکم واپس لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کورونا ازخود کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی ہے جس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے عید سے قبل دیئے جانے والے اپنے فیصلے کو واپس لے لیا ہے۔
ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت نے تا حال کورونا سے تحفظ کے لئے قانون سازی نہیں کی، پریس کانفرنس کے ذریعے عوام کا تحفظ نہیں ہو گا۔ بات کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ اگر ملک کے باقی محکمے کام کر سکتے ہیں تو پارلیمنٹ کیون نہیں؟ اس وقت ملک بھر میں لوگوں کی زندگیوں کو خطرہ ہے۔ حکومتی انتظامات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت نے ابھی تک اس حوالے سے قانون سازی نہیں کی، کوئی بتا سکتا ہے کہ ایس او پیز پر عمل کس طرح ہو گا؟ حکومت کی ٹیسٹنگ صلاحیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ 22 کروڑ کی آبادی میں صرف 30 ہزار ٹیسٹ نہ ہونے کے برابر ہیں۔
لیبارٹریز کی صورتحال پر ریمارکس دیتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں صرف 100 لیبز ہیں جبکہ اتنی لیبز تو صرف کراچی شہر میں ہونی چاہیئں۔ اس کے علاوہ چیف جسٹس نے کورونا از خود کیس کی سماعت کو 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ عید سے قبل چیف جسٹس آف پاکستان نے ہفتے اور اتوار کا بھی مارکیٹیں کھولنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد آج انہوں نے اپنا یہ فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کی تباہی میں حیران کن حد تک اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ پاکستان میں اگر مجموعی کیسز کی تعداد کی بات کی جائے تو آج اب تک کورونا سے مزید 3 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2067 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 103671 تک پہنچ گئی ہے۔