ملک بھر میں پیٹرولیم منصوعات کا بحران، ذمہ داران کیخلاف کارروائی کا آغاز

  • June 9, 2020, 12:26 pm
  • Business News
  • 96 Views

اسلام آباد / کراچی : ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، وزرت پیٹرولیم نے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے کوٹے کی جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت ملک بھر میں پیٹرولیم منصوعات کا بحران جاری ہے، مختلف شہروں میں پٹرول پمپس پر اسٹاک ختم ہونے کے بعد نوسپلائی کے بورڈ آویزاں کردیئے گئے، شہری پٹرول کی تلاش میں در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے۔

پی ایس او پمپس پر بھی رش اور لمبی لائنوں نے بھی شہریوں کو چکرا کر رکھ دیا ہے، وزرت پٹرولیم کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے کوٹے کی جانچ پڑتال کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اس سلسلے میں اسلام آباد میں پٹرول کی قلت سے متعلق پٹرولیم ڈویژن میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر عمرایوب نے پیٹرول بحران پر تشویش کا اظہار کیا، انہوں نے پیٹرول بحران کے ذمہ داروں کا تعین اور کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے ڈی جی آئل کی سربراہی میں کمیٹی کی تشکیل دے دی۔

وفاقی وزیر کی ہدایت پر کمپنیوں کے کوٹے کی جانچ پڑتال کیلئے قائم کمیٹی کے ممبران کیماڑی پہنچ گئے، ممبران کیماڑی ٹرمینل اے پرآئل کمپنیوں کے تیل ذخائر سے متعلق ڈیٹا اکھٹا کرنے میں مصروف ہیں۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے علاوہ ملک میں14نجی کمپنیاں تیل کی ترسیل کرتی ہیں، کیماڑی ٹرمینل اے پرتمام نجی کمپنیوں کے دفاتر موجود ہیں، کمیٹی اراکین کے ہنگامی دورے کے باعث مختلف کمپنیوں کے افسران رات گئے دفتر پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔


واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈویژن اور اوگرا حالیہ پیٹرول اور ڈیزل کے بحران کو مصنوعی قرار دے چکی ہے