پاکستان میں کورونا کے باعث حالات مزید خراب

  • June 10, 2020, 10:34 am
  • COVID-19
  • 176 Views

پاکستان میں کورونا کے باعث حالات مزید خراب ہو گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 80 سے زائد افراد جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین اور اموات میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، خاص طور پر عید کے بعد سے کورونا وائرس کے باعث حالات مزید بگڑتے دکھائی دیے ہیں۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 83 ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 2 ہزار 255 ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بتایا ہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے رپورٹ ہونے والے نئے کیسز کی تعداد 5385 ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد مسلسل اضافے کے بعد 1 لاکھ 13 ہزار 702 ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکی اخبار بلوم برگ نے کورونا کے باعث پیدا ہونے والی آئندہ صورت سے متعلق بتایا ہے کہ یورپ میں کورونا وائرس پر قابو پایا جا رہا ہے تاہم یہ وبا جنوبی ایشیاء میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور سب سے زیادہ پاکستان، بنگلہ دیش اور بھارت اس سے متاثر ہو رہے ہیں۔
ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاید جنوبی ایشیاء میں کورونا وائرس کبھی ختم نہ ہو سکے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کی شرح 27 فیصد، بنگلہ دیش میں 19 فیصد جبکہ بھارت میں 17 فیصد ہے۔ کورونا سے نمٹنے میں ناکامی کی وجہ سے پاکستان کو ایشیاء کا چوتھا خطرناک ملک قرار دے دیا گیا ہے۔ ہانگ کانگ کے اسٹڈی گروپ کے ماہرین کی جانب سے تحقیق کے بعد رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں خطرناک ترین اور محفوظ ترین ممالک کی فہرست جاری کی گئی ہے۔
اس حوالے سے اسٹڈی گروپ حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ممالک کی درجہ بندی کی تیاری وبا سے نمٹنے کے لیے طبی وسائل کے استعمال، قرنطینہ کی سہولیات، وائرس کی تشخیص کی صلاحیت اور معاشی نقصانات کی رفتار کو معیار بنا کر کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 72 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جب کہ اب تک اس وبا سے 4 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
کورونا کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے امریکہ دنیا میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا سے اموات کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے اور برازیل تیسرے نمبر پر ہے۔ ادھر دنیا بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ متاثرین کی تعداد 7,200,364 ہو گئی ہے۔ جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق دنیا میں اس مہلک وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 408,744 تک پہنچ چکی ہے۔