شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت‘عطاءتارڑنے نیب کو ذمہ دار قراردیدیا

  • June 11, 2020, 2:19 pm
  • Political News
  • 121 Views

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد انہوں نے خود کو گھر میں آئسولیٹ کر لیا ہے. مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباز شریف بار بار کورونا کے ٹیسٹ کرا رہے تھے، وہ ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے ماڈل ٹاﺅن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اس موقع پر مسلم لیگ نون کے رہنما عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ شہباز شریف کو نیب میں طلب کرکے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ہے.
عطاءاللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی صحت کے حوالے سے دعاﺅں کی درخواست بھی کی ہے،انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی شہباز شریف کو جلد صحت یاب کرے‘لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہبازشریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور انکی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش بھی کی تھی.
عطاءاللہ تارڑ نے بتایا کہ شہباز شریف نے 9 تاریخ کو نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر میاں شہباز شریف کو کچھ ہوا تو حکومت اور نیب اس کے ذمہ دار ہوں گے‘واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے علاوہ مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ بھی اس وباءمیں مبتلا ہوکر اپنی رہائشگاہ میں قرنطینہ میں ہیںاس کے علاوہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد بھی ان دنوں کورونا وائرس میں مبتلا ہیں.
دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور آج آنے والے نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 536 جبکہ اموات 2 ہزار 356 ہوگئیں‘سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں آج ابھی تک 2 ہزار 364 کیسز اور 39 اموات کا اضافہ ہوا. گزشتہ روز ملک میں ایک روز کے اب تک کے ریکارڈ 6 ہزار 343 نئے کیسز اور 101 اموات کا اضافہ ہوا، ملک میں یہ مسلسل دوسرا روز تھا جب اموات کی تعداد میں 100 سے زائد کا اضافہ دیکھا گیا‘خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشن ناک ہورہی ہے اور سیکڑوں میں آنے والے کیسز ہزاروں میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اموات بھی اسی شرح سے بڑھ رہی ہے.
ملک میں 26 فروری 2020 کو کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جبکہ 18 مارچ کو اس وبا سے پہلی موت کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مارچ کے آخر تک کیسز کی تعداد 2 ہزار کے لگ بھگ تھی جبکہ اموات 26 تک پہنچی تھیں اپریل میں کیسز کی تعداد بڑھنا شروع ہوئی اور اسی ماہ کے آخر تک یہ ساڑھے 16 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ اموات 385 ہوگئی تاہم مئی کے مہینے میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور ایک ماہ کے دوران 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1100 سے زائد اموات کا اضافہ ہوا اور مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں.
جون کے مہینے میں بھی صورتحال کچھ تبدیل نظر نہیں آرہی اور صرف ابتدائی 10 روز کے دوران تقریباً 46 ہزار کیسز اور 800 اموات سامنے آچکی ہیں آج 11 جون کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا تاہم سینکڑوں مریض صحت یاب بھی ہوگئے ہیں‘ صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2003 نئے کیسز اور 34 اموات کا اضافہ ہوا ہے‘سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 45 ہزار 463 ہوگئی مزید یہ کہ صوبے میں کورونا وائرس سے 34 اموات رپورٹ بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 807 سے بڑھ کر 841 ہوگئی.
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کے مزید 273 نئے کیسز اور 5 اموات ہوئیں اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 5 ہزار 963 سے بڑھ کر 6 ہزار 236 ہوگئی اس کے علاوہ 24 گھنٹوں میں اسلام آباد میں مزید 5 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد یہ تعداد 57 سے بڑھ کر 62 ہوگئی ہے. گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 44 نئے مریض سامنے آگئے، جس کے ساتھ ہی کیسز ایک ہزار سے تجاوز کرگئے گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز 974 سے بڑھ کر ایک ہزار 18 تک جا پہنچے‘ آزاد کشمیر جو اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر ہے وہاں بھی مزید 44 افراد اس وائرس کا شکار ہوگئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھںٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 488 تک پہنچ گئی.
تاہم ملک میں ان نئے کیسز کے باوجود جو چیز مریضوں کے لیے حوصلہ افزا ہے وہ لوگوں کا جلد صحتیاب ہونا ہے ملک میں اس کورونا وائرس سے ایک بڑی تعداد شفا پاچکی ہے اور اس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 83 نئے لوگوں کا اضافہ ہوا گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ان افراد نے کورونا وائرس کو شکست دی جس کے بعد مجموعی تعداد 36 ہزار 308 سے بڑھ کر 38 ہزار 391 ہوگئی ہے.
اس وقت پاکستان میں سندھ میں کیسز کی تعداد 43 ہزار 790 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 45 ہزار 463 ہے خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 15 ہزار 206 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار 335 ہے علاوہ ازیں اسلام آباد میں 6 ہزار 236، گلگت بلتستان میں 1018 اور آزاد کشمیر 488 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں.