شیخ رشید احمد کے دوسرے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آگئی

  • June 11, 2020, 2:21 pm
  • COVID-19
  • 143 Views

شیخ رشید احمد کے دوسرے کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آگئی، وزیر ریلوے کی دوسری کرونا ٹیسٹ رپورٹ بھی مثبت آئی، 2 روز قبل ان میں مہلک وبا کی تشخیص ہوئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی جانب سے کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد دوبارہ اپنا ٹیسٹ کروایا گیا ہے۔ شیخ رشید احمد کی جانب سے کروائے گئے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی مثبت آئی ہے۔
یعنی وزیر ریلوے تاحال کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شیخ رشید احمد نے 8 جون کو اپنا پہلا کرونا ٹیسٹ کروایا تھا، جس کی رپورٹ کے مطابق ان میں مہلک وبا کی تشخیص ہوئی۔ رپورٹ مثبت آنے کے بعد شیخ رشید احمد نے فوری خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان میں کرونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔
احتیاط ضروری ہے اس لیے انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔

بتایا گیا ہے کہ شیخ رشید کے اسٹاف کے کئی لوگوں میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ دوسری جانب ملک کے کئی نامور سیاستدانوں اور اراکین اسمبلی کرونا وائرس کا شکار ہو چکے۔ بدھ کے روز مزید 3 اراکین پارلیمنٹ میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔ ان میں مسلم لیگ ن کے احسن اقبال، تحریک انصاف کے فرخ حبیب اور سنیٹر ثناء جمالی شامل ہیں۔ اس سے قبل شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب، ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب، ابرار الحق اور دیگر کئی نامور سیاستدان بھی کرونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق کر چکے۔
اس تمام صورتحال میں تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ انہوں نے پہلے ہی خبردار کیا تھا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس طلب نہ کیا جائے، اس باعث کرونا وائرس پھیلے گا۔ تاہم ان کی بات پر کسی نے کان نہیں دھرا، اور اب ان کی جانب سے جس خدشے کا اظہار کیا گیا تھا، وہ درست ثابت ہو رہا ہے۔