’گیسٹ ہاؤس‘ سے شہرت پانے والے اداکارطارق ملک کا کورونا کے باعث انتقال

  • June 12, 2020, 11:08 am
  • COVID-19
  • 166 Views

راولپنڈی: ماضی کے مقبول ڈرامے گیسٹ ہاؤس سے شہرت پانے والے اداکار طارق ملک کورونا وائرس سے راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔

مرحوم اداکار دل کے عارضہ میں مبتلا تھے تاہم ایک ہفتہ قبل ان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔ طارق ملک نے پاکستان ٹیلی وژن کے مقبول ڈرامے ’’گیسٹ ہاؤس‘‘ میں ’مراد‘ کا یادگار کردار نبھایا تھا۔ انہوں نے پی ٹی وی اسلام آباد کے بہت سے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور اردو، پنجابی اور پوٹھوہاری زبان کے ڈراموں میں کام کیا۔اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان کیلئے بھی پروگرام کرتے رہے۔

طارق ملک کے قریبی دوست اور ساتھی فنکار افضل خان المعروف ریمبو نے کہا کہ وہ بہترین فنکار اور عمدہ انسان تھے۔ گیسٹ ہاؤس میں ان کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ طارق ملک کے ساتھ دیرینہ دوستی تھی، اُن کی کمی کو ہمیشہ محسوس کروں گا۔ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ طارق ملک کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔