کورونا وائرس ، پاکستان میں ایک کروڑافراد کے خطِ غربت سے نیچے جانے کا خدشہ

  • June 12, 2020, 3:03 pm
  • Featured
  • 194 Views

اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کے باعث ایک کروڑافراد کے خط غربت سے نیچے جانے کا خدشہ ہے، پلاننگ کمیشن کے مطابق غربت کا تخمینہ ماہانہ 3ہزار250روپے آمدن کے تحت لگایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کیلئےکوروناسے بڑھتے مسائل اور غربت میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہا ہے، اقتصادی سروے میں ملک میں ایک کروڑ افراد کے خط غربت سے نیچے جانے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

سروے میں بتایا گیا کہ خط غربت سےنیچےرہنےوالےافرادکی تعداد5کروڑسےبڑھ کر 6کروڑہو سکتی ہے، پلاننگ کمیشن کےمطابق غربت کاتخمینہ ماہانہ 3ہزار250روپے آمدن کے تحت لگایا گیا۔

اقتصادی سروے کے مطابق ملکی آبادی کا24.3 فیصدحصہ خط غربت سےنیچےزندگی گزاررہاہے اور کوروناکےباعث یہ تعدادبڑھ کر 29سے33فیصدتک ہوسکتی ہے جبکہ جزوی لاک ڈاؤن رہنےسےایک کروڑ26لاکھ افرادبیروزگارہوسکتے ہیں۔

سروے میں کہا گیا ہے کہ احساس پروگرام کےتحت 1کروڑ20لاکھ خاندانوں کی مددکی جائےگی، احساس پروگرام کوایک کروڑ60لاکھ خاندانوں تک بڑھایا جارہا ہے جبکہ اب تک ایک کروڑخاندانوں میں121ارب روپے کیش تقسیم کئےجاچکےہیں۔

یاد رہے مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرایا تھا ، جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کرونا بحران کے ابتدائی مرحلے میں تیس لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ صنعتی شعبے سے دس لاکھ اور خدمات کے شعبے سے بیس لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ملک میں غربت کی شرح 24.3 فیصد سے بڑھ کر 33.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، کرونا کی وجہ سے صرف مارچ کے مہینے میں ہی روپے کی قدر میں ساڑھے 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔