بھارتی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی، اداکار کے بہنوئی نے سازش کا عندیہ دیتے ہوئے تفتیش کا مطالبہ کر دیا

  • June 15, 2020, 11:29 am
  • Entertainment News
  • 336 Views

بھارتی اداکاری سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے معاملے میں ان کے بہنوئی نے کسی سازش کے ملوث ہونے کا عندیہ دے دیا ہے جس کے بعد ان کی جانب سے اس واقعے کی مکمل تفتیش کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اداکار کے بہنوئی بھی چونکہ پولیس میں ہیں، وہ اس وقت بطور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پولیس فرائض سرانجام دے رہے ہیں جس کے بعد ان کی پوسٹنگ ہریانہ کے وزیر اعلی کے دفتر میں خصوصی افسر کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت کو قتل کیا گیا ہے ، وہ خودکشی نہیں کرسکتا، میں اس معاملے کی سی بی آئی انکوائری کا مطالبہ کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز معروف بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے اپنی رائشگاہ پر خودکشی کرلی تھی، 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت کی پھندہ لگی لاش ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی، اطلاع پر پولیس نے اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے کمرے کے دروازے کو توڑ کر ان کی لاش کو پھندے سے اتارا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت کی لاش ممبئی کے علاقے باندرہ میں انکی رہائشگاہ سے برآمد ہوئی۔ ممبئی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے دوستوں کی موجودگی میں اپنی رہائش گاہ پر خود کو کمرے میں بند کرکے مبینہ طور پر خودکشی کی۔
خیال رہے کہ سشانت سنگھ کی آخری فلم 2019 میں 'چھچھورے' کے نام سے ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔ لاک ڈاؤن کے بعد انکی ایک اور فلم 'دل بیچارہ' آنے والی تھی۔ اس سے قبل معروف بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی پر بننے والی فلم میں بھی سشانت سنگھ مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں۔ اداکار کی جانب سے خودکشی کرنے کا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب کہ 2 دن قبل ہی ان کی مینیجر 28 سالہ ڈیشا سالین اپنی رہائش گاہ پر مردہ پائی گئی تھیں۔