خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آ گئی

  • June 16, 2020, 11:01 am
  • Entertainment News
  • 276 Views

بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی جانب سے 14 جون کی دوپہر کو خودکشی کی خبرنے بھارت سمیت دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو شدید غم زدہ کر دیا۔خودکشی کرنے والے اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے۔ممبئی کے کوپر اسپتال کی جانب سے جاری کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سشانت سنگھ راجپوت کی موت کا سبب دم گھٹنا بتایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پھندے کی وجہ سے اداکار کا دم گھٹا، جس وجہ سے ان کی موت واقع ہوئی۔سشانت سنگھ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ بھی کیا گیا جو کہ منفی آیا ہے۔اداکار کی لاش سے کچھ نمونے لے کر فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھجوائے گئے ہیں جن کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔تاہم اداکار کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں دم گھٹنا ہی ان کی موت کا سبب بتایا گیا ہے۔
سشانت سنگھ راجپوت کی آخری رسومات آج ممبئی میں ادا کی گئی اور ان کے دیگر اہل خانہ ریاست بہار سے بمبئی پہنچ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز معروف بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے اپنی رائشگاہ پر خودکشی کرلی تھی، 34 سالہ سشانت سنگھ راجپوت کی پھندہ لگی لاش ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سے ملی، اطلاع پر پولیس نے اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کے کمرے کے دروازے کو توڑ کر ان کی لاش کو پھندے سے اتارا۔بھارتی میڈیا کے مطابق سشانت کی لاش ممبئی کے علاقے باندرہ میں انکی رہائشگاہ سے برآمد ہوئی۔
ممبئی پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے ڈپریشن کی وجہ سے خودکشی کی، تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت نے دوستوں کی موجودگی میں اپنی رہائش گاہ پر خود کو کمرے میں بند کرکے مبینہ طور پر خودکشی کی۔ خیال رہے کہ سشانت سنگھ کی آخری فلم 2019 میں 'چھچھورے' کے نام سے ریلیز ہوئی تھی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔ لاک ڈاؤن کے بعد انکی ایک اور فلم 'دل بیچارہ' آنے والی تھی۔ اس سے قبل معروف بھارتی کرکٹر ایم ایس دھونی پر بننے والی فلم میں بھی سشانت سنگھ مرکزی کردار ادا کرچکے ہیں۔